موجودہ بحرانوں کا حل فکر اقبال میں موجود ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری

علامہ اقبال نے ایک عزت دار، خود دار اور خود مختار ملک اور قوم کا خواب دیکھا تھا

لاہور (8 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال نے غلامی کی زنجیروں میں جکڑی امت مسلمہ کو آزادی اور وقار کے ساتھ جینے کی تحریک اور فکر دی۔ اقبال کا پاکستان آج انتہا پسندی، دہشتگردی، کرپشن اور نا انصافی کی آگ میں جل رہا ہے۔ چند سو خاندانوں نے جعلی جمہوریت کی آڑ میں19کروڑ عوام کو یر غمال بنا رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقبال کے شاہین نوجوان کرپشن کنگز سے وطن عزیز کو واگزار کروانے کیلئے وہی کردار ادا کریں جو نوجوانوں نے تحریک پاکستان کے دوران کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نے جغرافیائی آزادی کی فکر نہیں دی تھی وہ ایک عزت دار، خود دار اور خود مختار ملک اور قوم چاہتے تھے۔ اقبال کا فلسفہ خودی اسی سوچ اور فکر سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکیم الامت کے افکار میں پاکستان کے جملہ سیاسی و معاشی مسائل کا حل موجود ہے۔ ہمیں جغرافیائی آزادی تو مل گئی مگرکرپٹ اور نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان آج معاشی اعتبار سے غیروں کے رحم و کرم پر ہے اور اپنے فیصلوں میں آزاد نہیں ہے۔ پاکستان کو اقبال کا پاکستان بنانے کیلئے کرپٹ اور نالائق ٹولے سے نجات ضروری ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top