علم روشنی ہے، طلباء اسے ڈگری برائے روزگار تک محدود نہ کریں: ڈاکٹر حسین محی الدین

دینی و دنیاوی علوم کو یکجا کرنے پر ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات قابل فخر ہیں، آرٹسٹ ہنی البیلا
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سٹیڈیز کے طلباء کے اعزاز میں منعقد کی جانیوالی ویلکم پارٹی سے خطاب
ہنی البیلا کو مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر شہزاد رسول، سہیل رضا اور عبدالحفیظ چودھری نے خوش آمدید کہا

لاہور (11 نومبر 2016) تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ علم ایک روشنی ہے۔ طلباء خود کو ڈگری برائے روزگار تک محدود نہ کریں۔ علم کو دنیا کے حصول کا ذریعہ بنانے کی وجہ سے ہم میں کوئی رازی، رومی، بیرونی، غزالی پیدا نہیں ہورہا۔ طلبہ علم کو تربیت، اخلاق سنوارنے کے ساتھ ساتھ اسے اسلام، پاکستان اور انسانیت کی خدمت کا ذریعہ بنائیں۔ علم کی مقدار بڑھی مگر معیار کم ہو گیا۔ پالیسی ساز اس المیہ پر غور کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سٹڈیز کے سینئرز طلباء کی طرف سے نئے داخل ہونے والے طلباء کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی ویلکم پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ویلکم پارٹی میں معروف آرٹسٹ ہنی البیلا نے خصوصی شرکت کی۔ ویلکم پارٹی کا اہتمام صدر بزم منہاج محمد یوسف اور نائب صدر طلحہ خورشید نے کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد وقاص نے انجام دئیے۔ ہنی البیلا کو مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر ڈائریکٹر پبلک افیئر شہزاد رسول، ڈائریکٹر انٹرفیتھ سہیل رضا اور عبدالحفیظ چودھری نے خوش آمدید کہا۔

معروف آرٹسٹ ہنی البیلا نے ویلکم پارٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن سیکرٹریٹ آنے پر میں بے حد خوش ہوں۔ جدید علوم کے فروغ اور تربیت کا اعلیٰ معیار قائم کرنے پر میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کا اثاثہ اور دنیا بھر میں ہم سب پاکستانیوں کا ایک خوبصورت اور قابل فخر تعارف ہیں۔ ہنی البیلا نے اپنے مخصوص انداز میں شرکائے تقریب کو لطیفے سنا کر محظوظ کیا اور تقریب میں مختلف تفریحی فن پارے پیش کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے ہنی البیلا کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہا۔ ہنی البیلا نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ گوشہ درود میں مرحوم حاجی محمد البیلا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ ہنی البیلا نے مرکزی میڈیا سیل میں سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی سے بھی ملاقات کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top