منہاج القرآن اور عوامی تحریک لاہور کا ہنگامی اجلاس، قتل، سٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کے واقعات کی مذمت

5 معصوم افراد کا قتل بڑا سانحہ ہے۔ واقعہ حکومت کی کھلی ناکامی ہے۔ رہنماؤں کی اجلاس میں گفتگو
لاہور کے عوام کی جان و مال، عزت و آبرو چوروں، ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے۔ حافظ غلام فرید
عوام چوروں ڈاکوؤں کے ہاتھوں مرنے کی بجائے فرسودہ نظام اور کرپٹ حکمرانوں کے اقتدار کو موت دیں۔ چوہدری افضل گجر

لاہور (21 نومبر 2016) تحریک منہاج القرآن لاہور اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید اور عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کی۔ مشترکہ اجلاس میں لاہور میں قتل، ڈکیتیوں، ٹارگٹ کلنگ، خواتین سے زیادتی اور سٹریٹ کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا کہ لاہور میں ڈاکے، قتل اور راہزنی کے پے در پے واقعات کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں عوام کے جان و مال سے کھیلنے کا مذموم عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ ماڈل ٹاؤن میں بدترین ریاستی دہشت گردی کرنے والے قاتل اور ظالم حکمران عوام کو تحفظ نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورنس کے دعویداد نام نہام خادم اعلی عوام کے جان مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ لاہور سمن آباد میں دن دیہاڑے 5 معصوم افراد کے قتل کا اندوہناک سانحہ اور آج ٹریفک سگنل پر ہونیوالی ڈکیتیاں مختلف علاقوں میں خواتین سے بد تمیزی اور زیور چھیننے کے واقعات اور ڈکیتی کی وارداتوں نے قاتل حکمرانوں کی گڈ گورننس کے پول کھول دیئے ہیں۔ اجلاس میں سمن آبا دمیں قتل ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ شریف برادران نے پنجا ب پولیس کو اپنے گھر کی باندی بنا رکھا ہے، اور پولیس کو عوام کے تحفظ کی بجائے اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی عوام کی جان و مال اور عزت چوروں، ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے۔ حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہیں دیتی۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے صرف کمیشن اکھٹی کرنے والے منصوبوں پر توجہ دینے کی بجائے حکمران عوام کے تحفظ کے لیے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کریں۔

عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کہا کہ پنجا ب حکومت کی کارگردگی عوام دشمنی سے عبارت ہے۔ نام نہاد وزیر اعلی اور ان کے جھوٹے وزراء کے پاس سوائے بیانات دینے کے کچھ نہیں۔ حکومت کی تمام توجہ مال اکٹھا کرنے اور اقتدار بچانے پر مرکوز ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کوئی پلاننگ ان نااہل حکمرانوں کے پاس نہیں ہے۔ لاہور کے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ قوم ایسی نام نہاد جمہوریت کو مسترد کر کے اپنے تحفظ اور بنیادی ضرورتوں کے لیے آواز بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ 5 افراد کا قتل بڑا سانحہ ہے۔ واقعہ حکومت کی کھلی ناکامی ہے۔ پنجاب کے حکمران عوام سے جینے کا حق چھین رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام چوروں، ڈاکوؤں کے ہاتھوں مرنے کی بجائے موجودہ کرپٹ نظام اور قاتل حکمرانوں کے اقتدار کو موت دینے کے لیے اپنے کردار کو پہچانے۔ اجتماعی سیاسی شعور سے ہی خوشحالی اور امن کا سورج طلوع ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top