منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے

امیر لاہور کی صدارت میں اجلاس، جلوسوں کے روٹس اور تیاریوں کیلئے انتظامی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں
30 نومبر سے 10 دسمبر تک پورے لاہور میں مشعل بردار جلوس نکالے جائینگے، سکیورٹی کیلئے انتظامیہ کو درخواست دے دی گئی
عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہو گی، تیاریاں شروع کر دی گئیں: حافظ غلام فرید

لاہور ( 29 نومبر 2016) تحریک منہاج القرآن لاہور نے استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں لاہور کے مختلف ٹاؤنز سے 70 سے زائد مقامات سے بسلسلہ استقبال ماہ ربیع الاول مشعل بردار جلوس نکالنے کا اعلان کر دیا۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن سے ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی روزانہ مغرب کی نماز کے بعد ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائیگا اور درود و سلام کی صداؤں میں مشعل بردار جلوس بھی نکالا جائیگا۔ منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ، گوشہ درود اور آغوش کی عمارت کو آمد ربیع الاول کے سلسلے میں برقی قمقموں، رنگ برنگی لائٹوں سے دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔

واہگہ ٹاؤن، جلو، عزیز بھٹی ٹاؤن، شالیمار ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن، شاہدرہ ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، نشتر ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، کاہنہ و دیگر علاقوں میں 30 نومبر سے 10 نومبر تک روزانہ مشعل بردار جلوس نکالے جائینگے۔ ماہ ربیع الاول کی آمد کی خوشی میں نکالے جانیوالے جلوسوں میں ہزاروں عشاقان مصطفی شرکت کر کے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت اور وفا کا اظہار کریں گے۔

منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید کی زیرصدارت ماڈل ٹاؤن میں مشعل بردار جلوسوں کے روٹس، سیکیورٹی اور عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اشتیاق حنیف مغل، حنیف قادری، حافظ صفدر علی، شہباز بھٹی، ساجد اصغر، حاجی ارشد، طارق الطاف، ناصر سلطان و دیگر شریک تھے۔ حافظ غلام فرید نے کہا کہ 30 تاریخ کو عزیز بھٹی ٹاؤن میں مغل پورہ چوک سے اندرون باغبانپورہ بازار معروف روحانی شخصیت حاجی غلام حیدر ضیائی کی رہائشگاہ تک مشعل بردار جلوس نکالا جائیگا۔ جلوس میں لوگوں کی بڑی تعداد باوضو شرکت کر کے ماہ ربیع الاول کو والہانہ انداز میں استقبال کرے گی۔

جلوسوں میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے جملہ فورمز میزبان ہونگے۔ 70 سے زائد مقامات سے نکالے جانیوالے مشعل بردار جلوسوں کی قیادت عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی و ضلعی قائدین کریں گے۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے قائدین خطاب کریں گے۔ اہلیان علاقہ تاجر برادری دیگر سماجی، سیاسی رہنما جگہ جگہ شرکاء جلوس کا استقبال کریں گے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کریں گے۔ جلسوں کے راستے میں خیر مقدمی بینر لگائے جائینگے، عمارتوں پر چراغاں کیاجائیگا اور سبیلیں بھی لگائی جائینگی۔ آمد ربیع الاول سے لاہور کی فضائیں آمد مصطفی مرحبا مرحبا، سیدی مرشدی یانبی یانبی اور درود و سلام سے معطر ہوجائیں گی۔ اس سلسلے میں انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

حافظ غلام فرید نے مزید کہا کہ اگر ہم اپنی زندگیوں میں شامل خرابیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا طوق اپنے گلے میں ڈالنا ہو گا۔ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی ایسے انداز میں منانا چاہیے کہ دنیا میں اسکی دھوم مچ جائے۔

مشعل بردار جلوسوں میں شریک لوگوں کو مینار پاکستان پر ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی جائیگی۔ عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار پر ہی ہو گی، تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر منہاج القرآن اور عوامی تحریک یوتھ لیگ کے سینکڑوں نوجوان سکیورٹی کی ڈیوٹی انجام دینگے جبکہ ہمیشہ کی طرح انتظامیہ کوجلوسوں کے روٹس، وقت اور دیگر انتظامات سے بر وقت آگاہ کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کیلئے درخواست بھی دے دی گئی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top