شریف برادران کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں سزا ملے گی : ڈاکٹر طاہرالقادری
کابینہ اور مکمل حکومتی مشینری وزیر اعظم کی کرپشن چھپانے کے ایجنڈے تک محدود ہو چکی
حکمرانوں کے پاس پیسہ باہر لے جانیوالی منی ٹرین ہے ’’منی ٹریل‘‘ نہیں، کینیڈا سے روانگی پر گفتگو
لاہور (02 دسمبر2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ شریف برادران کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں سزا ملے گی، بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ شہدا کا خون پوری تحریک پر قرض ہے، آخری سانس تک انصاف بشکل قصاص کیلئے لڑیں گے۔ کابینہ اور ساری حکومتی مشینری وزیر اعظم کی کرپشن چھپانے کیلئے یک نکاتی ایجنڈے تک محدود ہو چکی، حکمرانوں کے پاس پیسہ باہر لے جانیوالی منی ٹرین تو ہے مگر ’’منی ٹریل‘‘ نہیں۔ اقتصادی راہداری منصوبہ کے زگ زیگ ٹریک کی شناخت تو ممکن ہے مگر لندن فلیٹس کس پیسے سے خریدے گئے یہ جاننے اور دیکھنے کیلئے ابھی کوئی ’’ٹیلی سکوپ‘‘ ایجاد نہیں ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیڈا سے کراچی کیلئے روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرل لیکس کے معاملے کو دفن کرنے کے بعد سول حکومت نے قومی ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے ’’نظر ثانی‘‘ پر غور شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ساری توجہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے انصاف پر ہے۔ 2 سال گزر جانے کے بعد بھی ہمیں انصاف ملا نہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ۔ شہداء کے ورثا کو انصاف اس لئے نہیں مل رہا کیونکہ جرم کرنے والے طاقتور اور اقتدار میں ہیں۔ قائد اعظم کے پاکستان میں اندھا قانون مجرم کی شکل و صورت اور حیثیت دیکھ کر حرکت میں آتا ہے۔
تبصرہ