مختلف یونیورسٹیز اور مدارس کے طلباء و اساتذہ کا منہاج القرآن سیکرٹریٹ کا دورہ

مکالمہ کے کلچر کو فروغ دینے سے باہمی نفرتوں، کدورتوں کو ختم کیا جا سکتا ہے : خرم نواز گنڈا پور
منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ساتھ طلبہ کی تربیت پر توجہ دی جاتی ہے، وفد سے گفتگو
انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا فتویٰ عظیم خدمت ہے۔ طلباء و اساتذہ

لاہور (29 دسمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پورنے کہا ہے کہ مختلف مکاتب فکر کے مدارس اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو آپس میں میل جول بڑھانا چاہیے، تبادلہ خیالات ہونا چاہیے۔ مکالمہ کے کلچر کو فروغ دینے سے باہمی نفرتوں، کدورتوں کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مختلف یونیورسٹیز، کالجز اور مدارس سے تعلق رکھنے والے طلباء و اساتذہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد کی قیادت معروف مذہبی سکالر ضیا الحق نقشبندی اور سنیئر صحافی صبوخ سید کر رہے تھے جبکہ پروفیسر محمد اسماعیل، حسن سردار، محمد یونس قاسمی بھی وفد کے ساتھ موجود تھے۔ اس سے قبل طلباء اور اساتذہ منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچے تو ڈائریکٹر امور خارجہ جی ایم ملک، سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈنیشن ساجد بھٹی و دیگر رہنماؤں نے انکا استقبال کیا۔

وفد نے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائم مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تعلیمی و فلاحی منصوبہ جات میں وفد نے گہری دلچسپی لی۔ مرکزی سیکرٹری کوآرڈنیشن ساجد محمود بھٹی نے بریفننگ میں بتایا کہ ادارہ منہاج القرآن اپنے کسی فلاحی پراجیکٹ کیلئے سرکاری یا غیر سرکاری امداد نہیں لیتا۔ تمام پراجیکٹس کیلئے ڈونیشن تحریک کے اندرون و بیرون ملک مقیم لاکھوں کارکنان دیتے ہیں۔

خرم نواز گنڈا پور نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایک سازش کے تحت دینی و دنیاوی تعلیم میں تفریق پیدا کی گئی۔ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تربیت پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری جہالت کے اندھیروں کو دور کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ طلبہ ایسی اجتماعیت میں شریک ہو کر کام کریں جس میں قیادت کی پہچان تعلیم ہو۔ ملک کو مسائل کی گرداب سے جاگیر دار، سرمایہ دار نہیں بلکہ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ اور قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی فکر کی امین قیادت ہی نکال سکتی ہے۔ سیکرٹری کوآرڈنیشن عوامی تحریک نے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے طلبہ کو تفصیلی بریفننگ دی۔

منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ضیاء الحق نقشبندی اور سنیئر صحافی صبوخ سید نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی و فلاحی منصوبہ جات آغوش اوربیت الزہراہ کا قیام ڈاکٹر طاہرالقادری کی علم سے محبت کو ظاہر کرتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے تعلیمی اداروں کا جال بچھا کر ملک کے مستقبل کو تابناک بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا فتویٰ عظیم خدمت ہے، انکا تحقیقی کام آنے والی صدیوں میں امت مسلمہ کا عظیم سرمایہ ہو گا۔ امن، بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات کا اعتراف ساری دنیا کرتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top