جدید سائنسی علوم کا ماخذ قرآن مجید ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

منہاج کالج مانچسٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب‘ مسلم فیملیز کا اظہار تشکر
منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں دین اور جدید علوم ساتھ ساتھ پڑھائے جاتے ہیں‘چیئرمین سپریم کونسل
ڈاکٹر طاہرالقادری آئندہ نسلوں کے مستقبل کو سنوار رہے ہیں، طلباء و طالبات

لاہور (13 جنوری 2017) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے مانچسٹر میں منہاج کالج کے قیام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید سائنسی علوم کا ماخذ قرآن مجید ہے۔ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں دین اور جدید سائنسی علوم ساتھ ساتھ پڑھائے جاتے ہیں۔ مانچسٹر یو کے میں رہائش پذیر مسلم فیملیز بالخصوص پاکستانی خاندانوں نے منہاج مانچسٹر کالج کے قیام پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کالج کے قیام سے دیار غیر میں بچوں کی معیاری تعلیم و تربیت کی بہت بڑی پریشانی سے نجات مل گئی ہے۔ اس اہم علمی و تدریسی کاوش پر تقریب میں شریک والدین نے ڈاکٹر طاہرالقادری کا شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے ذہین بچوں کو دین کی تعلیم کے لئے وقف کریں۔ ماڈرن سائنسی علوم کی عصری ضرورت کو ہم نے اپنی تعلیمی حکمت عملی میں فوقیت دی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی عمر بھر کی تحقیق اور تجربہ کا یہ نچوڑ ہے کہ ماڈرن سائنسی علوم کی تحصیل کے بغیر دین اسلام کے فروغ کی کوئی کاوش ثمربار نہیں ہو سکتی۔ جدید سائنسی علوم کا ماخذ اور منبع قرآن پاک ہے۔ نئی نسل کو یہ بتانے اور سمجھانے کی ضرورت ہے کہ ایک مکمل اور نافع علم کے لیے قرآن اور سائنس کو ساتھ ساتھ پڑھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن علم، امن اور تحقیق کی ایک عالمگیر اسلامی تحریک ہے جو پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں ایسے تعلیمی ادارے قائم کررہی ہے جس سے یورپی معاشرے میں پروان چڑھنے والے باصلاحیت بچے اپنی اصل سے علمی و تحقیقی رشتہ استواررکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد علم برائے انسانیت کے لیے ہے، علم برائے منافع کے لیے نہیں۔ منہاج القرآن کے فلاحی پراجیکٹس ’’نو لاس، نو پرافٹ‘ کی بنیاد پر چلائے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ منہاج القرآن کی 36 سالہ جدوجہد میں علم اور خدمت کا یہ سفر ایک لمحہ کے لیے بھی نہیں رکا‘ اور اللہ رب العزت نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے صدقے بے پایاں برکتیں عطا کیں اور ہم پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا کے 90 سے زائد ممالک میں اس خدمت کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔ تقریب میں شریک طلباء و طالبات نے منہاج کالج مانچسٹر کے قیام پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری آئندہ نسلوں کے مستقبل کو سنوار رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top