حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات زندگی میں حسن اور توازن پیدا کرتی ہیں: فیض الرحمن درانی

زندگیوں کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام رحمت سے آراستہ کیا جائے تاکہ دنیا امن کا گہوارہ بن جائے
آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کوامن اور احترام کی ضرورت ہے : جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور(20 جنوری 2017 ء) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ ہادی برحق حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانی زندگی کے تمام پہلوؤں کے حوالے سے ایسی سنہری تعلیمات عطا کی ہیں جو زندگی میں حسن اور توازن پیدا کرنے کی ضمانت دیتی ہیں۔ اسلام کا فلسفہ انسانی حقوق دیگر مذاہب سے ممتاز ہے۔ اسلام نے جملہ شعبہ ہائے حیات میں اعتدال اور تواز ن کا درس دیا ہے جبکہ دنیا کے دیگر معاشرتی اور سیاسی نظام، انسانی حقوق کے احترام اوررفعت کی یہ نظیر پیش نہیں کر سکتے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

فیض الرحمن درانی نے کہا کہ آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو رحمت اور احترام کی ضرورت ہے۔ یہ مثبت رویے عام ہونگے تو ہمیشہ کیلئے امن و سلامتی حاصل ہو جائے گی۔ ضرورت اس مر کی ہے کہ اپنی زندگیوں کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام رحمت سے آراستہ کیا جائے تاکہ امت مسلمہ کی کھوئی ہوئی عظمت لوٹ آئے اور دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق، معاملات اور حسن سلوک کو مشعل راہ بنایا جائے تو امت مسلمہ کی عظمت رفتہ بحال ہو گی۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں انکے دئیے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہی انسانیت امان حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمان غیروں کی پیروی کر کے بے سکونی کی زندگی بسر کر رہے ہیں، ایسا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تعلق غلامی کمزور ہونے کے سبب ہے۔حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق مضبوط کرنا ہو گا تا کہ مسلمانوں کی زندگیوں کا سکون اور خوشیاں لوٹ سکیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top