دین اسلام کی سب سے بڑی پہچان اخلاق حسنہ ہے: فیض الرحمن درانی

ہم ظلم کرتے ہیں جبکہ دین ہمیں احسان کرنے کا درس دیتا ہے، جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محفل کل (ہفتہ) مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہو گی
منہاج القرآن لاہور کا مختلف ٹاؤنوں میں ماہانہ دروس قرآن اور عرفان القرآن کورسز شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور (3 فروری 2017) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلام کی سب سے بڑی پہچان اخلاق حسنہ ہے۔ اسلام، ایمان اور احسان کی سب سے بڑی علامت اخلاق حسنہ ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ایک شخص نے پوچھا کہ میں محسن (احسان کرنے والا) کب بنوں گا؟ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تو لوگ تمہیں محسن کہیں گے۔ ہماری سوسائٹی ایمان، حیاء، اخلاق اور اقدار سب بھول چکی ہے۔ ہر طرف ظلم و ستم، لوٹ مار اور قتل و غارت گری ہے۔ لوڈشیڈنگ، مہنگائی، دہشتگرد ی اور نااہل حکمران ہم پر عذاب کی طرح مسلط ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ آج ہم اپنے اعمال کی وجہ سے مختلف عذابوں کی لپیٹ میں ہیں۔ جب تک ہم اپنے اعمال کی اصلاح نہیں کرتے اس وقت تک ہم اسی طرح عذاب میں مبتلا رہیں گے۔ ہم ظلم کرتے ہیں جبکہ دین ہمیں احسان کرنے کا درس دیتا ہے۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن لاہور کاماہانہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کی۔ اجلاس میں منہاج القرآن کے زیر اہتمام آج ہونے والی مجلس ختم الصلوۃ النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ماہانہ محفل کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام مختلف ٹاؤنوں میں ماہانہ دروس قرآن اور عرفان القرآن کورسز شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں حفیظ اللہ جاوید، حنیف قادری، اشتیاق حنیف مغل، ساجد اصغر، حافظ صفدر علی، حاجی عبدالخالق و دیگر شریک تھے۔

منہاج القرآن لاہورکے امیر حافظ غلام فرید نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ماہانہ محفل کل (ہفتہ) کو بعد نماز عشاء مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی۔ ملک کے معروف علماء، مشائخ، قراء اور نعت خوان شرکت کریں گے۔ تقریب میں مرکزی گوشہ درود اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں قائم حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا اربوں درود پاک حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی باگارہ میں پیش کیا جائیگا۔ محفل کے اختتام پر ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی جائیگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top