منہاج القرآن کی اپیل پر جمعۃ المبارک ’’عظمت مصطفی ﷺ‘‘ کے طور پر منایا گیا

مورخہ: 10 مارچ 2017ء

مساجد میں عظمت مصطفی ﷺ پر خطبات، توہین آمیز مواد ہٹانے میں ناکامی پر حکومتی رویے کی شدید مذمت
مقدس ہستیوں بارے توہین آمیز رویہ اختیار کرنے والے نظریاتی دہشتگرد ہیں، امیر تحریک منہاج القرآن

لاہور (10 مارچ 2017) تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعۃ المبارک کو یوم ’’عظمت مصطفی ﷺ‘‘ کے طور پر منایا گیا، علمائے کرام نے مساجد میں عظمت مصطفی ﷺ کے عنوان سے خطابات کئے، سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کے خلاف تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر ملک کے تمام اضلاع میں موجودمساجد میں علمائے کرام نے خطبہ جمعۃ المبارک میں اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفی ﷺ سے اظہار وفاداری کرتے ہوئے عظمت مصطفی ﷺ اور سیرت محسن انسانیت ﷺ کے موضوعات پر خطابات کئے، لاہور، کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، ڈیرہ غازیخان، ایبٹ آباد، سکھر، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ اور ملک کے دیگر شہروں میں منہاج القرآن کے سکالرز نے عظمت مصطفی ﷺ کے موضوع پر خطابات کئے، کئی شہروں میں نماز جمعہ کے بعد پر امن احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جس میں سیکڑوں لوگوں نے شرکت کر کے ہادی بر حق حضور اکرم ﷺ سے اپنی والہانہ محبت اور وفا کا اظہار کیا۔

لاہور میں جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب انبیائے کرام، الہامی کتابوں اور مقدس ہستیوں کی توہین کی اجازت نہیں دیتا، لہذا سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد شائع کرنے والے دہشت گردہیں، ایسے شر پسند اور امن دشمن ملعونوں کو دہشت گردی کے فروغ دینے کے جرم میں فوری گرفتار کر کے مقدمہ چلانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے امن سے کھیلنے والوں ملعونوں سے عالمی قوانین کے مطابق نبٹا جائے، انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے، یواین اور موثر ممالک اس مذموم عمل کو مستقل ختم کرنے کے لیے پہلے سے موجود قوانین پر عمل درآمد کروائیں۔

فیض الرحمن درانی نے موجودہ حکمرانوں کی بے حسی کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان ایک لاکھ 24 ہزار انبیائے کرام کی تکریم کو اپنا ایمان سمجھتے ہیں اس لیے دنیا کے تمام ممالک کے حکمران مقدس ہستیوں کے احترام کے قوانین پر سختی سے عمل کرائیں، امت مسلمہ کے حکمرانوں کو بھی اس اہم اور حساس مسئلہ پر متحد ہو کر اجتماعی فیصلے کرنا ہوں گے، انہوں نے کہا کہ حکمران محض بیانات دینے کی بجائے، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائیں اور اس سلسلے میں احترام مذاہب اور ناموس مصطفی ﷺ کے تحفظ کے لیے قومی پالیسی وضع کریں، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا توہین آمیز مواد شائع کرنیوالوں نے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کا قتل کیا ہے، ان دہشت گردوں اور انسانیت کے بد ترین مجرموں کے خلاف تحریک منہاج القرآن ہر سطح پر آواز اٹھائے گی، جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں ہزاروں افراد نے محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ پر درود و سلام پڑھ کر پوری دنیا کو اُن سے وفاداری اور محبت کا بھرپور پیغام دیا۔

درایں اثناء منہاج القرآن علماء کونسل کے تحت لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں علماء نے خطبہ جمعہ میں حضور اکرم ﷺ کی عظمت اور شان کے موضوع پر خطابات کئے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top