سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزم طارق عزیز کو ایس پی ڈسپلن لگانا قانون سے مذاق ہے: خرم نواز گنڈا پور

مورخہ: 10 مارچ 2017ء

گلو بٹ کو سینے سے لگانے والے آخری مرکزی ملزم کو بھی حق نمک ادا کر دیا گیا: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
ایس پی طارق عزیز کو ایس ایس پی کی سیٹ پر بٹھایا گیا قوم نے وزیراعلیٰ کا میرٹ اور تھانہ کلچر کی تبدیلی کا مظاہرہ دیکھ لیا
انسداد دہشتگردی کی عدالت کو مطلوب ملزم پولیس فورس میں کیا ڈسپلن قائم کرے گا، نعیم الدین چوہدری، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ

لاہور (10 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی ملزم طار ق عزیز کو ترقی دے کر ایس ایس پی ڈسپلن کے اہم عہدے پر فائز کرنے کے اقدام کو قانون کے ساتھ سنگین مذاق قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طارق عزیز نے گاڑیاں توڑنے کا کارنامہ انجام دینے والے گلو بٹ کو گلے لگا کر شاباش دی جسے الیکٹرونک میڈیا کے ذریعے پوری قوم نے دیکھا، اس شخص نے اس گھناؤنے عمل کے ذریعے پولیس فورس کے بچے کھچے ڈسپلن اور ساکھ کا جنازہ نکالا، اس شخص کو تو پولیس فورس میں بطور کانسٹیبل بھی کام کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ شریف برادران نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے آخری کردار کوبھی حق نمک ادا کر دیا مگر ایک عدالت اللہ کی بھی ہے جس میں ظالموں کی رسی دراز ضرور ہو سکتی ہے مگر وہ پکڑ سے نہیں بچ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ 14 بے گناہ شہریوں کا نامزد ملزم جسے انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 11 مارچ کو طلب کر رکھا ہے وہ پولیس فورس میں کیا ڈسپلن قائم کرے گا؟ انہوں نے کہا کہ اس پوسٹ پر ایس ایس پی رینک کا افسر تعینات ہوتا ہے مگر طارق عزیز جو ایس پی ہے اسے اس پوسٹ پر تعینات کیا گیا ہے تا کہ وہ اپنا بھی منہ بند رکھے اور ممکنہ سلطانی گواہ بننے والوں کو کنٹرول کرے۔

عوامی تحریک کے وکلاء نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے فیصلہ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ شریف برادران اقتدار کے نشے میں انصاف کا خون اور مظلوموں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ پوری قوم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا ’’میرٹ، انصاف اور تھانہ کلچر کی تبدیلی‘‘ کا عملی مظاہرہ دیکھ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی طارق عزیز کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد دکھاوے کے طور پر او ایس ڈی بنایا گیا تھا اور فیلڈ میں اس کی ڈیوٹی کو بین کیا گیا تھا اور اے ٹی سی نے ایس پی طارق عزیز کو بطور ملزم 11 مارچ کو طلب کر رکھا ہے۔ اے ٹی سی کو مطلوب ملزم پولیس فورس میں کیا ڈسپلن قائم کرے گا؟ شریف برادران نے سلطانی گواہ خوف سے ایس پی طارق عزیز کو اہم عہدہ دیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top