منہاج القرآن کے زیراہتمام جمعۃ المبارک ’’یوم عظمت مصطفی ﷺ‘‘ کے طور پر منایا گیا

مورخہ: 17 مارچ 2017ء

دشمن جغرافیائی اور نظریاتی حدود کی پامالی کررہا ہے، قومی بیانیہ ناگزیر ہے، مساجد میں علمائے کرام کا خطاب
ڈاکٹر طاہرالقادری نے متبادل بیانیہ کے حوالے سے 37 کتب تحریر کیں، فیض الرحمن درانی، فرحت حسین شاہ، آصف اکبر میر، امداد اللہ قادری ودیگر

لاہور (17 مارچ 2017) منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں جمعۃ المبارک کو یوم عظمت مصطفی ﷺ کے طور پر منایا گیا، علمائے کرام نے مساجد میں عظمت مصطفی ﷺ، سیرت النبی ﷺ اور تحفظ ناموس رسالت کے موضوعات پر خطابات کئے، نماز جمعہ کے بعد لاہور، گوجرانوالہ، پنڈی، اسلام آباد، بھکر، ملتان، کراچی، فیصل آباد میں مساجد کے باہر پر امن عظمت مصطفی ﷺ مارچ کیا گیا، عشاقان مصطفی ﷺنے بلند آواز میں درود وسلام پڑھ کر آقائے دوجہاں حضور اکرم ﷺ سے والہانہ عشق و محبت کا اظہار کیا۔

جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن، جامع مسجد لال موہنی روڈ، جامعہ صدیقیہ چونگی امر سدھو، جامعہ ام جمال اشرف، منہاج اسلامک سنٹر رضوان گارڈن، جامع محبوب صدیقی، شاہ عالمی، بابری مسجد تاج پورہ، عرفان القرآن اسلامک سنٹر داروغہ والاسمیت مختلف مساجد میں علمائے کرام نے منہاج القرآن علماء کونسل کی اپیل پر سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی اشاعت کے خلاف نماز جمعہ کے بعد پر امن عظمت مصطفی ﷺ واک کی۔ ان پر امن احتجاجی مظاہروں میں شریک افراد نے بلند آواز میں درودوسلام پڑھ کر سیدی و مرشدی یا نبی یا نبی کے نعرے لگا کر حضور ﷺ سے عشق و محبت کا اظہار کیا۔

جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں خطاب کرتے ہوئے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اسلامیان پاکستان اور ملت اسلامیہ کو دہشت گردی کے خاتمے اور فروغ امن کا متبادل بیانیہ دیا، 2010 میں 600 صفحات کا انسداد دہشتگردی فتوی، 2015 میں فروغ امن نصاب دیا، ابتک متبادل بیانیہ کے حوالے سے منہاج القرآن کے بانی و سرپرست 37 کتب تحریر کرچکے ہیں، نوجوان نسل کو انتہاء پسندی سے بچانا فی زمانہ سب سے بڑی اسلامی و ملی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری جغرافیائی سرحدوں کی پامالی کے ساتھ ہماری نظریاتی، ایمانی اور روحانی حدود کی بھی پامالی چاہتا ہے، اس پر فتن دور میں نوجوانوں کی فکری راہنمائی علمائے کرام کا عملی فریضہ ہے، سوشل میڈیا پر ہونیوالی شر انگیز بحثیں اور توہین آمیز مواد کے پیچھے افراد نہیں بلکہ منظم گروہ ہیں، وہ ایسی مکروہ مہم چلانے کے عوض بھاری رقوم وصول کر رہے ہیں، سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے نوجوان نسل کو علم، تحقیق اور دلیل کے ہتھیار سے مسلح ہوناچاہئے۔

جامعہ صدیقیہ فیروز پور روڈ میں خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم اعلی منہاج القرآن علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی اشاعت اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی اور بنیادی انسانی حقو ق کی پامالی ہے، ایسے شر پسند عناصر کے خلاف دہشتگردی کا مقدمات درج کئے جائیں، اقوام متحدہ کے جملہ ممبر ممالک کو سفارتی سطح پر یہ پیغام دیا جائے کہ وہ بین المذاہب تصادم اور انتہاء پسندی کو فروغ دینے والے عناصر کے خلاف کارروائی اور ان کی حوصلہ شکنی کریں۔

جامعہ ام اشرف جمال میں خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر قانون سازی کی جائے۔

ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ میر آصف اکبر نے لال مسجد موہنی روڈ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تمام مسلمان ایسی ویب سائٹس کا استعمال بند کر یں اور نفرت انگیز مواد کو شیئر کرکے اسے اہمیت دینے سے گریز کریں، انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث حیرت ہے کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے اسلام اور پاکستان کے امیج کے خلاف وائرل کیا جانے والا مواد روکنے کے لئے حکومت کی کوئی پالیسی اور گائیڈ لائن نہیں ہے۔

ناظم دعوت منہاج القرآن علامہ محمد لطیف مدنی نے جامعہ غوثیہ قادریہ نورٹاؤن میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے حکمران غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گستاخانہ مواد کی اشاعت کے خلاف OIC کے پلیٹ فارم پر ایک مشترکہ اور متفقہ لائحہ عمل طے کرکے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلم آبادی کے مذہبی جذبات کو مجروح ہونے سے بچائیں، انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان کے ایمان کا لازمی جز ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top