ملکی حالات پر دیار غیر میں مقیم پاکستانی بہت دکھی ہیں: ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مردم شماری سے باہر رکھنا ان کی قربانیوں کے ساتھ مذاق ہے
اٹلی، بارسلونا سے آئے منہاج القرآن کے عہدیداروں کے وفد کی جی ایم ملک سے ملاقات
لاہور (20 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک اٹلی اور سپین کے رہنماؤں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائم مقام ناظم اعلیٰ منہاج القرآن و ناظم امور خارجہ جی ایم ملک سے ملاقات کی۔ رہنماؤں نے جی ایم ملک کو بتایا کہ کرپشن، ناانصافی اور غیر ملکی قرضوں میں مسلسل اضافہ پر دیار غیر میں مقیم پاکستانی انتہائی پریشان ہیں۔ منہاج القرآن اوورسیز کے رہنماؤں الطاف چیمہ، عاصم شہزاد نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں کو مردم شماری میں شامل نہ کرنا ان کی حب الوطنی اور قربانیوں سے مذاق ہے، خون پسینہ ایک کر کے وطن عزیز کیلئے زرمبادلہ بھجوانے والوں کو کسی شمار میں نہ لانا زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ اس زیادتی کا بھی نوٹس لیں۔
جی ایم ملک نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل پر بات کرتے رہتے ہیں۔ مذکورہ مسائل کو بھی اٹھایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ملک میں حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں، وہ قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، ملک سے ظلم اور زیادتی کا نظام ختم کر کے انصاف کا نظام قائم کر کے دہشت گردی، کرپشن اور رشوت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ظالم نظام کو چیلنج کرنے پر ظالم حکمرانوں نے 14 لاشوں کا تحفہ دیا اور عوامی تحریک کے ہزاروں کارکنوں، رہنماؤں کو پابند سلاسل رکھا۔
قائم مقام ناظم اعلیٰ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے رہنماؤں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت انسداد دہشتگردی کی عدالت نے آئی جی سے لے کر سپاہی تک کو طلب کر رکھا ہے مگر ہمارا بنیادی مطالبہ شریف برادران اور ان کے وزراء کو طلب کیے جانے سے متعلق ہے کیونکہ جب تک حکم دینے والے طلب نہیں کیے جائینگے حکم پر عمل کرنے والوں کو پوری سزا مل سکے گی اور نہ ہی پورا انصاف ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی نے بھی اے ٹی سی کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر کے عبوری ریلیف حاصل کر رکھا ہے انشاء اللہ تعالیٰ 29 مارچ کو ہمارے وکلاء ہائیکورٹ میں ثابت کرینگے کہ قاتل حکمرانوں کے احکامات پر آئی جی پنجاب کے ذریعے عملدرآمد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ایک ایسی قربانی ہے جو اس ظالم نظام کے خاتمے کا سبب بنے گی اور شہیدوں کا خون رنگ لائے گا، ظالم، جابر اور فرعون صفت حکمران اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
تبصرہ