تدوین قرآن اور فسادیوں کا خاتمہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے عظیم کارنامے ہیں : منہاج القرآن علماء کونسل

مورخہ: 22 مارچ 2017ء

خلیفہ اول حق کی تلاش کرنے والوں کیلئے نمونہ کامل کی حیثیت رکھتے ہیں، انوار المصطفیٰ ہمدمی
سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ وہ عظیم ہستی ہیں جنہیں مسلسل چار نسلوں تک شرف صحابیت نصیب ہوا، علامہ سید فرحت حسین شاہ
سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ عشق نبی ؐ، اطاعت رسول ؐ اور نبی ؐ کی تربیت کا عملی نمونہ ہیں، علامہ امداد اللہ، علامہ میر آصف اکبر
منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’تاجدار صداقت‘‘ کانفرنس سے علماء و مشائخ کا خطاب

لاہور (22 مارچ 2017) معروف مذہبی سکالر علامہ انوار المصطفیٰ ہمدمی نے کہا ہے کہ خلیفہ اول سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے وصال نبوی ﷺ کے بعد ثابت قدم رہتے ہوئے نوزائیدہ اسلامی ریاست کو انتہائی قلیل دور خلافت میں مضبوط بنیاد پر کھڑا کر دیا، تدوین قرآن اور فسادیوں کا خاتمہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے عظیم کارنامے ہیں، آپ رضی اللہ عنہ کی حیات طیبہ ہمارے لیے رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ خلیفہ اول حق کی تلاش کرنے والوں کیلئے نمونہ کامل کی حیثیت رکھتے ہیں، نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پچھلی کئی دہائیوں سے نظریہ پاکستان پر حملے ہورہے ہیں، ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو خطرات لاحق ہیں، قو م کو کرپشن اور کرپٹ نظام کے خاتمے کی جہد مسلسل کا حصہ بننے کا عہد کرنا ہو گا تاکہ ملک میں امن اور حقیقی جمہوریت کا سویرا طلوع ہو سکے ورنہ ہماری نسلوں کا مستقبل حقیقی آزادی سے محروم ہو جائیگا، وہ منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے یوم وصال کے موقع پر عرفان القرآن اسلامک سنٹر لاہور میں منعقدہ تاجدار صداقت رضی اللہ عنہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

کانفرنس کی صدارت سجادہ نشین چورہ شریف پیر سید احمد ثقلین حیدر نے کی جبکہ نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن علماء سید فرحت حسین شاہ، صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ امداد اللہ قادری، ناظم علماء کونسل میر محمد آصف اکبر، مفتی غلام اصغر صدیقی، مولانا ظفر اقبال قادری، علامہ مفتی خلیل حنفی، علامہ سید امداد حسین شاہ ودیگر علماء بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ امداد اللہ قادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ عادلانہ نظام اور دیانتدار معاشرے کے قیام کیلئے حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی تعلیمات کو عام کر کے ان پر عمل کرنا ہو گا۔ حضور ﷺ کے بہترین رفیق سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ ہیں جنکو حضور ﷺ کی معیت اور رفاقت کاتمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہ سے زیادہ شرف حاصل ہوا۔ انہوں نے کہاکہ شمس نبوت ﷺنے ضیاء پاشی فرمائی تو پہلی کرن سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ پر پڑی اور ایسی پڑی کہ کندن بنا دیا۔ اپنایا تو ایسا اپنایا کہ آج تک جدا نہ ہو سکے۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ ہر دور میں اہل حق اور راہ حق و ہدایت تلاش کرنیوالوں کیلئے اصحاب رسول ﷺ میں سے نمونہ کامل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے اللہ کی رضا اور خوشنودی کی خاطر اپنا سارا مال بارگاہ خداوندی میں قربان کر دیا۔ آپ کی تعلیمات سے سبق ملتا ہے کہ قوم کی بقا، سلامتی اور ترقی کیلئے اپنے مال و دولت کو قربان کر کے عوام کی فلاح و بہبود کا سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے اسلام کے احیاء کیلئے مشکلات کو برداشت کیا اور ظالمانہ و جابرانہ نظام کے خلاف ہمیشہ حق کا علم بلند کیا۔

نائب ناظم اعلیٰ علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ واحد ہستی ہیں جنہیں مسلسل چار نسلوں تک شرف صحابیت نصیب ہوا۔ عشق نبی ﷺ کی بات ہو یا اطاعت رسول ﷺ کی، بندگی کی عظمتیں ہوں یا نبی ﷺ کی تربیت کا عملی نمونہ اگر نشان منزل کے طور پر چناؤ کرنا ہو تو سر فہرست نام سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا آ ئے گا۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ ہر دور میں اہل حق اور راہ حق و ہدایت تلاش کرنیوالوں کیلئے اصحاب رسول ﷺ میں سے نمونہ کامل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے اللہ کی رضا اور خوشنودی کی خاطر اپنا سارا مال بارگاہ خداوندی میں قربان کر دیا۔ آپ کی تعلیمات سے سبق ملتا ہے کہ قوم کی بقا، سلامتی اور ترقی کیلئے اپنے مال و دولت کو قربان کر کے عوام کی فلاح و بہبود کا سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے اسلام کے احیاء کیلئے مشکلات کو برداشت کیا اور ظالمانہ و جابرانہ نظام کے خلاف ہمیشہ حق کا علم بلند کیا۔

ناظم علماء کونسل علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ حضور ﷺ سراپا نبوت ہیں۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ سراپا نصرت ہیں، اس لئے ہجرت کی شب نصرت خداوندی حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی شکل میں جلوہ گر ہوئی۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ بصیرت و تدبر، عزم و استقلال، وفاداری و فدا کاری، ایثار و محبت کا مرقع اور مجسم اسلام کے مرد مومن کی سچی تصویر تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top