ڈاکٹر طاہرالقادری ہسپتال میں زیر علاج، حالت پہلے سے بہتر ہے: ترجمان عوامی تحریک

مورخہ: 27 مارچ 2017ء

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کے مطابق سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کو گزشتہ روز علالت کے باعث کینیڈا (ٹورنٹو) میں مقامی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا تھا جہاں وہ ایک دن ایمرجنسی میں زیرعلاج رہے، ان کی حالت بہتر ہونے پر انہیں گزشتہ روز شام وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا ہے، ڈاکٹرز کے مطابق مکمل تشخیص اور مرض کے روٹ کاز تک پہنچنے کیلئے چند ہفتے درکار ہیں، مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کی رپورٹس کا انتظار ہے، ابتدائی طور پر انہیں Intestines obstruction کے باعث شدید تکلیف کے بعد ہسپتال لے جایا گیا جہاں کرائسس مینجمنٹ کے بعد ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور کے مطابق ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ ان کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز کے مطابق انتڑیوں میں بلڈ سرکولیشن نہیں ہو رہی اور انتڑیوں میں تنگی بھی ایک وجہ بیان کی گئی ہے تاہم اصل وجہ کا علم مکمل رپورٹس آنے کے بعد ہو سکے گا۔

دریں اثناء امیر جماعت اسلامی سراج الحق، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سربراہ شیخ رشید، فاروق ستار، بیگم عابدہ حسین، میاں منظور وٹو، مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، انصار برنی، سینیٹر کامل علی آغا، صاحبزادہ حامد رضا، سینیٹر میاں عتیق، سردار عتیق الرحمن، اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، ندیم افضل چن، ابرار الحق نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ٹیلیفون کر کے سربراہ عوامی تحریک کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت یابی اور درازی عمر کیلئے دعا کی، نیز غیر مسلم مذہبی رہنماؤں ڈاکٹر جیمز چنن، ریورنڈ سیموئل، بشپ انڈریو فرانسس، بشپ نذیر عالم، سردار بشن سنگھ، سردار جنم سنگھ، پنڈت بھگت لعل، ڈاکٹر منوہر چاند نے سربراہ عوامی تحریک کی جلد صحت اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے اہل وطن اور سیاسی، سماجی، اقلیتی رہنماؤں اور عوامی حلقوں کی طرف سے سربراہ عوامی تحریک کی صحت یابی کیلئے دعا کرنے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے احباب سے اپیل کی کہ وہ ان کی مکمل صحت یابی تک اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

دریں اثناء سربراہ عوامی تحریک کی صحت یابی کیلئے رہنماؤں و عہدیداروں نے بکروں کے صدقے دئیے، تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام اندرون و بیرون ملک قائم گوشہ درود میں سربراہ عوامی تحریک کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس ضمن میں مرکزی سیکرٹریٹ میں جامع مسجد المنہاج اور گوشہ درود میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top