کمرشل ازم نے ڈگریاں دے کر بچوں سے اخلاق چھین لیا: فیض الرحمن درانی

والدین بچوں کی اسلامی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں، جامع مسجد المنہاج میں جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب
پہلی اینٹ ٹیڑھی ہو تو عمارت آسمان تک چلی جائے ٹیڑھا پن نہیں جاتا

کمرشل ازم نے ڈگریاں دے کر بچوں سے اخلاق چھین لیا: فیض الرحمن درانیلاہور (14 اپریل 2017) امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ والدین بچوں کی اسلامی تعلیم وتربیت پر توجہ دیں، کمرشل تعلیمی اداروں نے بڑی بڑی ڈگریاں دے کر ہمارے بچوں سے اخلاق، رواداری، اعتدال پسندی چھین لی۔ ایسی ڈگری کا کیا فائدہ جو انسانیت کی خدمت، پاکستان سے محبت اور دلوں سے خدا کا خوف دور کر دے۔ پرامن اسلامی معاشرہ کی تشکیل کیلئے والدین بچوں پر نظررکھیں اور انہیں بامقصد تعلیم دلوائیں۔ وہ جامع المنہاج میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی حضرت محمد ﷺ بچوں سے بے حد پیار کرتے تھے اور ہمیشہ والدین اور بڑوں کو بچوں سے حسن سلوک سے پیش آنے اور ان کی اصلاح کے لیے صبروتحمل سے کام لینے کی نصیحت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2 سے 10سال کی عمر انتہائی اہم ہوتی ہے یہی وہ عمر ہے جب بچہ عادات و اطوار اور سیکھنے سکھانے کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ توجہ کا طالب ہوتا ہے، عادات میں پختگی آنے کا بھی یہی مختصر عرصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ’’بچوں کی تعلیم و تربیت اور والدین کا کردار‘‘ کے عنوان سے 338 صفحات پر مشتمل انتہائی مفید کتاب تحریر کی ہے جو اوائل عمر کے بچے کی تعلیم و تربیت اور اسے سمجھنے کے حوالے سے اپنی نوعیت کی منفرد کتاب ہے۔ اس کتاب کا والدین اور پرائمری سکولوں کے اساتذہ کو بطور خاص مطالعہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جس عمارت کی پہلی اینٹ ٹیڑھی ہو تو اس عمارت کی بلندی چاہے آسمان کو چھو لے اس کا ٹیڑھا پن دور نہیں ہو گا اس لیے بچے کو اوائل عمری میں ہی توجہ کا مرکز بنالیا جائے۔ والدین نے اپنی بے پناہ مصروفیات کے باعث بچوں کو کیبل نیٹ ورک، ٹیوٹر، اساتذہ اور آیا کے سپرد کررکھا ہے۔ ملک اور قوم کے مستقبل کودوسروں کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم انتہا پسندی، دہشتگردی، جھوٹ، بدعہدی کے جن سماجی عوارض سے دو چار ہیں اس کی ابتدا راتوں رات نہیں ہوئی۔ اچھے انسان اچھے معاشرے کا جواز اور تعارف ہوتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top