رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر دکھ ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

پنجاب میں آپریشن میں تاخیر سے دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کا موقع ملا
جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل سے ہی فائدہ ہو گا، چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن

لاہور (15 اپریل 2017) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا ہے کہ ڈی جی خان میں انسانیت کے دشمنوں کے خلاف آپریشن میں شریک رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر دکھ ہے۔ اللہ تعالیٰ ان قوم کے بیٹوں اور محافظوں کے درجات بلند کرے، پنجاب میں آپریشن تاخیر سے شروع کرنے سے دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن، جرم اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ ہے۔ رینجرز دوران آپریشن ان عوامل پر بھی توجہ مرکوز کریں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انسداد دہشتگردی کے بیانیہ پر توجہ نہ دی گئی تو بندوق کے ذریعے حاصل کیا گیا امن دیرپا ثابت نہیں ہو گا۔ تاحال حکومت نے متبادل بیانیہ کی تیاری کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر انتہا پسندی اور تشدد ناقابل برداشت ہے۔ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں پیش آنے والا واقعہ خطرے کی گھنٹی ہے۔ نوجوانوں کو انتہا پسندانہ رویوں اور رجحانات سے بچانے کیلئے ریاست نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت کا جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے تاہم کمیشن بنانے کا فیصلہ تبھی ہو گا جب اس کی سفارشات پر عمل ہو گا اور رپورٹ منظر عام پر لائی جائے گی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن واحد تحریک ہے جس کی یوتھ ملک بھر میں ضرب امن مہم چلارہی ہے۔ نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچانے کیلئے ورکشاپس منعقد کی جارہی ہیں اور انہیں خارجی نظریات سے بچانے کیلئے اپنی قومی، ملی و دینی ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو انتہا پسندی سے بچانا فی زمانہ سب سے بڑی قومی و ملی خدمت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top