امت مسلمہ دلوں کو آقائے دو جہاںﷺ کی محبت سے آباد کرے: ڈاکٹر حسن محی الدین

مورخہ: 12 مئی 2017ء

اللہ کو راضی کرنے کیلئے امت اپنے گناہوں پر نادم ہو اور صدق دل سے توبہ کرے
منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں شب برأت کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب، ہزاروں کی شرکت

لاہور (12 مئی 2017) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے شب برأت کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مسائل، مشکلات اور بے سکونی کی بڑی وجہ حضور نبی اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے راستے سے ہٹنا ہے، جہاں آقائے دو جہاں سے محبت ہو گی وہاں امن، برکت اور راحت ہو گی، اللہ کو راضی کرنے کیلئے امت مسلمہ اپنے گناہوں پر نادم ہواور صدق دل سے توبہ کرے اور دلوں کو اللہ کے رسول ﷺ کی محبت سے آباد کرے۔ شب برأت کی بابرکت محفل میں تحریک منہاج القرآن کے ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، رفیق نجم، جواد حامد و دیگر رہنما بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ ممتاز ثناء خوان مصطفی نے نعت رسول مقبولﷺ پیش کیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامیان پاکستان قرآن و سنت کے راستے پر آجائیں، حقوق العباد کی ادائیگی میں کوتاہی چھوڑ دیں۔ معاملات زندگی میں انصاف سے کام لیں، کسی کی حق تلفی نہ کریں، امت مسلمہ ظالموں کی بجائے مظلوموں کا ساتھ دے، نبی آخرالزماںﷺ مظلوموں، یتیموں اور کمزوروں کا سہارا تھے، انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دین مبین کے احیاء، تجدید اور قرآنی علوم کی ترویج و اشاعت کی تحریک ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دعوت دین کی بنیاد قرآنی فکر پر رکھی، قرآن امت مسلمہ کو امت واحدہ اور جسد واحد بنانے کا خدائی آئین اور کنٹریکٹ ہے۔ امت مسلمہ عہد رفتہ کے وقار کی بحالی چاہتی ہے تو قرآنی فکر پر اکٹھی ہو، خود کو حب رسول ﷺ کے قالب میں ڈھالے، محبت رسول ﷺ کے بغیر کچھ بھی نہیں، اللہ کے رسول سے محبت اور اطاعت کا جو معیار صحابہ کرامؓ نے قائم کیا اس کی پیروی کی جائے، بالخصوص نوجوان اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق زندگی بسر کریں اسی میں ان کی دینی اور دنیاوی کامیابی ہے۔ آخر میں ملکی خوشحالی، استحکام اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top