حکمران پنجاب میں پولیس گردی سے سیاسی حریفوں کو دبانا چاہتے ہیں: خرم نواز گنڈا پور
عرفان یوسف، علی عمران جٹ، ملک سبحان کو فوری رہا کیا جائے ورنہ احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ فیاض وڑائچ
لاہور (23 مئی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف کے ساتھ وہاڑی پولیس کی غنڈہ گری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ عرفان یوسف اور دیگر طلبہ کی گرفتاری قابل مذمت عمل ہے۔ حکمران پنجاب میں پولیس گردی سے سیاسی حریفوں کو دبانا چاہتے ہیں۔ عرفان یوسف و دیگر طلبہ رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے ورنہ نتائج کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہو گی۔ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کارکنان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔ پنجاب حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر ہم سڑکوں پر نکلے تو پھر ان قاتلوں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ وہاڑی پولیس نے انصاف کے تقاضوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اور اصل مجرموں کو پکڑنے کی بجائے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے رہنماؤں کے ساتھ جبر اور ریاستی دہشتگردی کی۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے صدر کی گرفتاری ریاستی دہشتگردی کی انتہا ہے۔ دریں اثناء عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، ساجد بھٹی، مظہر علوی، صدر عوامی تحریک جنوبی پنجاب فیاض وڑائچ، شاکر مزاری، ڈاکٹر زبیر اے خان اور راؤ عارف رضوی، رانا تجمل، یونس نوشاہی، محب مجید نے وہاڑی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی کی انتہا قرار دیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب کے حکمران سیاسی حریفوں سے خوفزدہ ہو کر پر تشدد کارروائیوں پر اتر آئے ہیں اورحواس باختہ ہو کر عوام سے آئینی اور جمہوری حقوق چھین رہے ہیں۔ علم و امن کے فروغ کیلئے کام کرنیوالوں کیساتھ پنجاب حکومت ریاستی دہشتگردی کر رہی ہے۔ جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا کہ علی عمران جٹ، ملک سبحان اور عرفان یوسف کو فوری رہا کیا جائے ورنہ اگلے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
تبصرہ