کرپشن مافیا بہت مضبوط، ادارے بھی ہاتھ ڈالتے ڈرتے ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
حکمران انڈیا کو کلبھوشن کی واپسی کا سرپرائز دینے کے لیے بے تاب ہیں، گفتگو
شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون اور قاتلوں کے چہرے ہر وقت آنکھوں کے سامنے ہیں
جس معاشرے میں انسانی خون کی حرمت ختم ہو جائے اسے تباہی سے کوئی نہیں بچا سکتا
لاہور (28 جون 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کرپشن اور دہشتگردی کا چولی دامن کا ساتھ ہے، کرپشن سے دہشتگردی اور دہشتگردی سے کرپشن کو فروغ مل رہا ہے، کرپشن مافیا اس حد تک مضبوط ہو چکا کہ ادارے بھی ہاتھ ڈالتے ڈرتے ہیں۔ دہشتگردوں کے ہمدردوں نے قومی ایکشن پلان کی قومی دستاویز کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا، حکمرانوں کے مالی مفادات دیار غیر میں ہیں انہیں عوام کی نہیں اقتدار میں لانے والے آقاؤں کی خوشنودی عزیز ہے، شریف حکومت انڈیا کو کلبھوشن کی واپسی کا سرپرائز دینے کیلئے بے تاب ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات برپا کرنے والے حکمرانوں کو سزا نہ ملنا قومی المیہ ہے جس معاشرے میں انسانی خون کی حرمت ختم ہو جائے اسے تباہی سے کوئی نہیں بچا سکتا، آئل ٹینکر سانحہ نے اداروں کی ناکامی اور بے حسی کا پردہ چاک کر دیا، اس ملک میں ڈسپلن اور تنظیم نام کی کوئی چیز نہیں بچی، سربراہ عوامی تحریک نے عیدالفطر کی نماز جامعہ مسجد المنہاج میں ادا کی، وہ فرداً فرداًنمازیوں سے ملے، ان کی خیریت دریافت کی، ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماؤں نے ان کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کرپشن کنگز کا خاتمہ ضروری ہے، کرپشن نے ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، کرپشن کے باعث ملک قرضوں، سود اور کمیشن کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے جس کی وجہ سے عوام کی تعلیم، صحت اور جان و مال کے تحفظ کے بنیادی امور بری طرح متاثر ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ اب اداروں میں اصلاحات لانے سے نہیں بلکہ تشکیل نو سے ملک پٹڑی پر چڑھے گا، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات برپا کرنے والے حکمرانوں کو سزا نہ ملنا اور انصاف کے اداروں کی طرف سے مسلسل خاموشی المیہ ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون اور قاتلوں کے چہرے ہر وقت آنکھوں کے سامنے رہتے ہیں، شہداء کے خون کو بھولے اور نہ قاتلوں کو معاف کرینگے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوام ظالم اور کرپٹ نظام سے نجات چاہتے ہیں تو پھر فیصلہ کن جدوجہد کیلئے مل کر نکلیں ورنہ مافیا کی حکومت ایک ایک کر کے اور چن چن کر اس ملک کی خیر چاہنے والوں کو مارتی رہے گی۔
سربراہ عوامی تحریک نے احمد پور شرقیہ سانحہ آئل ٹینکر کے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی مہذب جمہوری ملک کے اندر ایسا سانحہ رونما ہوتا تو مقامی انتظامیہ فوری جائے حادثہ کو گھیر لیتی اور مکمل کلیئر کیے بغیر ہر قسم کی آمد و رفت روک دیتی مگر شومئی قسمت موجودہ حکمرانوں کو صرف اپنی عیاشی اور کمیشن کے چند منصوبوں کے سوا امور حکومت سے کوئی سروکار نہیں، ادارے تباہ ہو چکے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران اللہ کا عذاب ہیں جب تک یہ رہیں گے بے گناہ انسانی جانیں ضائع ہوتی رہیں گی۔
تبصرہ