قربانی مہم 2017 میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہزاروں جانور قربان کرے گی: سید امجد علی شاہ

مورخہ: 24 اگست 2017ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام عید الاضحی 2017ء کے موقع پر ہزاروں چھوٹے بڑے جانور قربان کیے جائیں گے، اجتماعی قربانی کی تیاریاں و انتظامات تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ قربانی مہم کے سلسلے میں25 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ بڑے جانوروں میں 10 ہزار سے زائد حصے ڈالے جائینگے۔ 70 فی صد حصوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔ حفظان صحت اور شرعی اصولوں کے مطابق قربانی کیلئے جدید سلاٹر ہاؤس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ لاہور میں مرکزی قربان گاہ کے علاوہ ملک بھر میں 2 سو سے زائد مقامات پر اجتماعی قربانی کے مراکز قائم کئے جائینگے۔ لاہور میں جدید سلاٹر ہاؤس میں قائم کی گئی مرکزی قربان گاہ میں سینکڑوں گائیں، بکرے، دنبے اور چھترے ذبح کر کے عید الاضحی پر سنت ابراہیمی کو زندہ کیا جائیگا۔ شرعی اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے صحت مند جانوروں کی بڑی تعداد میں خریداری کی جا چکی ہے، تیاریاں عروج پر ہیں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے مرکزی سیکرٹریٹ میں انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے میٹنگ میں قربانی مہم کے انتظامات پر بریفننگ لی اور خریدے گئے جانوروں کی دیکھ بھال، سیکیورٹی اور خوراک کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے قربانی مہم 2017ء کی تفصیلات بتائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عید قربان پر منہاج القرآن کے ہزاروں کارکنان مرکزی قربان گاہ سے گوشت تیار کر کے غرباء، مساکین اور ضرورت مند افراد کے گھروں تک پہنچائیں گے۔ 50 سے زائد گاڑیوں کے ذریعے گوشت کی تقسیم کی جائے گی۔ قربانی کا گوشت ضرورت مندوں میں تقسیم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پرلائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔

امجد شاہ نے مزید کہا کہ عید قربان کے تینوں روز فوری طبی امداد کیلئے تجربہ کار ڈاکٹرز کی ٹیم اور منہاج ایمبولینس سروس ہر وقت موجود ہو گی۔ منہاج ویلفیئر کے تحت کراچی، پنڈی، اسلام آباد، حیدر آباد، بدین، ٹھٹھہ، لیہ، ڈیرہ اسماعیل خان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہروں میں اجتماعی قربانی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ مختلف ہسپتالوں، یتیم خانوں اور جیلوں میں کھانا تیار کر کے بھیجنے کیلئے پکوائی کے بھی تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام ایسے فلاحی اداروں کو قربانی کی کھالیں دیں جن کی خدمات کھلی کتاب کی طرح ہیں۔ تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام ہزاروں بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے، یتیم بچوں اور بچیوں کیلئے عالمی معیار کے ادارے بنائے گئے ہیں جہاں انہیں مفت تعلیم، خوراک اور رہائش فراہم کی جاتی ہے۔ پاکستان بھر میں طبی مراکز اور مفت ایمبولینس سروس بھی مہیا کی جاتی ہے۔ غریب، یتیم اور نادار بچے، بچیوں کی شادی کے اخراجات بھی اٹھائے جاتے ہیں۔ وسیلہ روزگار سکیم فلاحی منصوبوں میں ایک بڑا منصوبہ ہے۔ سندھ کے دور دراز علاقوں میں میٹھے پانی کے کنووئیں بھی کھدوائے گئے ہیں اور صاف پانی کی فراہمی کی سینکڑوں سکیمیں زیر تکمیل ہیں۔ تمام فلاحی کام مخیر حضرات کے تعاون سے کئے جاتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top