عقیدہ ختم نبوت ایمان کی بنیاد اسلام کی روح ہے: منہاج القرآن

حضور نبی اکرم ﷺ کا خاتم النبین اور خاتم الرسل ہونا قرآن و حدیث سے ثابت ہے: علامہ محمد ادریس
ہر دور میں امت کے سوا د اعظم نے تحفظ ختم نبوت کو ایمان کی سلامتی کیلئے ناگزیر سمجھا

لاہور (20 اکتوبر 2017) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی بنیاد اور اسلام کی روح ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا خاتم النبین اور خاتم الرسل ہونا قرآن و حدیث سے ثابت ہے۔ ہر دور میں امت کے سواد اعظم نے تحفظ ختم نبوت کو ایمان کی سلامتی کیلئے ناگزیر سمجھا۔ جو معاملہ 1973ء کے آئین میں طے ہو گیا اسے چھیڑنا شرانگیزی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ میری امت میں تیس کذاب ہونگے جن میں سے ہر ایک دعویٰ کرے گا کہ وہ نبی ہے حالانکہ میں خاتم النبین ہوں میرے بعد کوئی نبی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ جب صبح کی نماز ادا فرما لیتے تو آپ ﷺ صحابہ کرام سے دریافت فرماتے کیا تم میں سے رات کسی نے خواب دیکھا ہے؟ اور فرماتے بے شک میرے بعد نبوت میں سوائے نیک خواب کے کچھ نہیں بچا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح قرآن پاک میں بھی آپ کا خاتم النبین ہونا ثابت ہے۔ اس حوالے سے کسی کو شر انگیزی نہیں کرنے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کی کوششیں منصوبہ بندی کے تحت ہوئیں، اسلامیان پاکستان کو خبردار رہنا ہو گا، اس طرز کی سازشیں دوبارہ بھی ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتنے کا دور ہے ہر طرف سے ایمان اور بنیادی عقائد پرحملے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نبی اکرم ﷺ سے محبت کرنے اور ان کی اطاعت کرنے کی ہم سب کو توفیق عطاکرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top