تحریک منہاج القرآن لاہور کا ماہانہ مشاورتی اجلاس، ضلعی عہدیداران کی شرکت

ممبر سازی مہم میں تیزی لانے اور عوامی رابطہ مہم فوری شروع کرنے پر اتفاق، اجلاس میں فیصلہ
اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو عوام دشمن اقدام قرار دیا گیا، فوری واپس لینے کا مطالبہ

لاہور (26 اکتوبر 2017) تحریک منہاج القرآن لاہور کا ماہانہ مشاورتی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں لاہور کے امیر حافظ غلام فرید کی صدارت میں منعقد ہوا، اس موقع پر منہاج القرآن لاہور کے ناظم اشتیاق حنیف مغل بھی موجود تھے۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن لاہور کی پی پی اور یونین کونسل تنظیمات کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ممبرسازی مہم اور عوامی رابطہ مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ لاہور کے عوام اور منہاج القرآن لاہور کے کارکنان کو متحرک کرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم فوری شروع کی جائے۔ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت جسٹس باقر نجفی کمشن رپورٹ کے کیس پر بھی بحث اور مشاورت کی گئی، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہنمائی میں منہاج القرآن لاہور کی تنظیم شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے قصاص لینے تک جدوجہد جاری رکھے گی، قانون اور عوام کی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہیں گے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قصاص تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں حفیظ اللہ جاوید، میاں حنیف قادری، حافظ صفدر علی، اصغر ناز، طارق الطاف، ثناء اللہ خان اور منہاج القرآن لاہور کے پی پی کے عہدیداران موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں لاہور کی تاجر برادری سے بھی رابطہ کیا جائیگا۔ عوام الناس تاجر، وکلا، طلباء، مزدوراورکسانوں سے رابطے کئے جائیں گے اور انہیں تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔ لاہور کے ہر گھر اور ہر فرد تک ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد خادم اعلیٰ ایسے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کر رہے ہیں جس سے انکے کمشن میں اضافہ ہو اور عام آدمی کو کوئی فائدہ نہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبے کے نام پر مارکیٹوں، دکانوں کو مسمار کر کے معاشی دہشتگردی کی جا رہی ہے۔ لوگوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے جبکہ لاہور کے عوام صاف پانی، تعلیم اور علاج سے محروم ہیں ایک معمولی سے ٹیسٹ کیلئے کئی کئی ماہ ہسپتالوں میں خوار ہو رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top