عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازشیں لمحہ فکریہ ہیں: علامہ رانا محمد ادریس

اللہ نے قرآن میں فرما دیا حضرت محمد ﷺ اللہ کے آخری نبی اور رسول ہیں
عقیدہ ختم نبوت اسلام کی حفاظت کا ذریعہ ہے، جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (27 اکتوبر 2017) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کا تقاضا ہے۔ اس بات پر ایمان لانا ناگزیر ہے کہ حضور ﷺ کے بعد قیامت تک کوئی نبی یا رسول نہیں آئے گا۔ ہمارا ایمان ہے کہ اسلام اللہ کا آخری دین ہے اور اس کا اعلان اللہ کریم نے حجۃ الوداع کے موقع پر زبان نبوت سے کروا دیا تھا۔ ’’آج میں نے تمہارے لیے دین کو کامل کر دیا ہے اور تم پر اپنا احسان پورا کر دیا ہے، تمہارے لیے دین اسلام کو پسند کیا ‘‘ قرآن مجید میں سورہ احزاب میں اللہ کریم نے واضح فرما دیا ہے کہ ’’محمد ﷺ تم مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں البتہ اللہ کے رسول اور آخری نبی ہیں‘‘ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ختم نبوت اس امت پر پروردگار کا احسان عظیم ہے، اس عقیدے نے امت کو وحدت کی لڑی میں پرو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مسلمان عقائد و عبادات، احکامات اور ارکان دین کے لحاظ سے جو متفق ہیں وہ صرف اسی عقیدے کی برکت ہے۔ اسلامی عقائد و ارکان کی سلامتی کا سب سے بڑا سبب عقیدہ ختم نبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کی حفاظت کا ذریعہ ہے۔ عقیدہ ختم نبوت اور دینی تعلیمات و اسلامی اقدار کے خلاف سازشیں امت مسلمہ کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، عقیدہ ختم نبوت سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے اللہ کے عذاب سے نہیں بچ سکیں گے۔ قدرت نے ہمیشہ ان سازشیوں کو ناکام کیا ہے، ختم نبوت کا پرچم صدا بلند رہے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top