انسانیت کو محبت، احترام اور برداشت کے کلچر کی ضرورت ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین

تحریک منہاج القرآن عشق مصطفی ﷺ کے فروغ کے لیے مرکزی کردار ادا کررہی ہے
اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے، صدر منہاج القرآن کی لاہور کے سینئر رہنماؤں سے گفتگو

لاہور (3 نومبر 2017) تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ 34 ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شہر لاہور سے لاکھوں عشاقان مصطفی ﷺ ( مرد و خواتین) شرکت کر کے حضور اکرم ﷺ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے دنیا کو یہ پیغام دیں کہ ولادت مصطفی ﷺ سے بڑھ کر کوئی اور خوشی نہیں ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی 34 ویں میلاد کانفرنس حسب روایت 11اور 12 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ میں منعقد ہو گی۔ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے۔ تحریک منہاج القرآن عشق مصطفی ﷺ کے فروغ کے لیے مرکزی کردار ادا کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید کی قیادت میں آئے لاہور کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع محمد حنیف قادری، حفیظ اللہ جاوید، اصغر ساجد، محمد اقبال، مرزا ندیم بیگ، اشتیاق حنیف مغل، خالد سعید غنی، محمد حسیب، انجینئر ثناء اللہ خان، الیاس ڈوگر، اصغر ناز، علامہ احسن اویس، میاں ممتاز حسین، محمد رمضان ایوبی، حافظ صفدر علی، حاجی محمد حنفی، راجہ محمود عزیز اور محمد ریحان موجود تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ حضور ﷺ سے محبت تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رویوں کو بدلنے کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے برسرپیکار ہے۔ آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، احترام اور برداشت کے کلچر کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین کو عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں ہزاروں مردو خواتین شریک ہوں گے، انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پورے سال میں پڑھا جانے والا دو ارب سے زائد درود پاک حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے ڈاکٹر حسین محی الدین کو بتایا کہ عالمی میلاد کانفرنس کیلئے لاہور میں عوامی رابطہ مہم شروع کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے لاہور کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ پورے لاہور میں حلقات درود قائم کیے جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top