حضور ﷺ کے اخلاق، معاملات اور سلوک کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں: علامہ رانا محمد ادریس

اپنی زندگیوں کو حضور ﷺ کی محبت سے آراستہ کریں، جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کی روحانی محفل کل 4 نومبر کو ہو گی

لاہور (3 نومبر 2017) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ حضور ﷺ کی ذات اقدس سے محبت، تعلق کی مضبوطی اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی زندگی کے ہر شعبہ کیلئے رحمت وبرکت حاصل کی جا سکتی ہے۔ اپنی زندگیوں کو حضور ﷺ کی محبت سے آراستہ کریں تاکہ امت مسلمہ کی کھوئی ہوئی عظمت لوٹ آئے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ معلم انسانیت آقائے دو جہاں ﷺ کی ذات سے تعلق قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ان پر درود و سلام بھیجنا ہے۔ حضور ﷺ کے اخلاق، معاملات اور سلوک کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں۔ حضور ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت ہیں، ان کے دئیے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہی انسانیت امان حاصل کر سکتی ہے۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کی روحانی محفل کل 4 نومبر کو بعد نماز عشاء مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی۔ ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کی مجلس سے صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین خطاب کریں گے، اس موقع پرمنہاج القرآن سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی گوشہ درود اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں قائم حلقہ ہائے درود میں پڑھا گیا درود پاک حضور ﷺ کی بارگاہ میں پیش کیا جائیگا۔ نامور قراء اور نعت خواں اس روحانی محفل میں شرکت کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top