منہاج القرآن لاہور کا اجلاس عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لیا گیا

استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں پور ے لاہور میں یکم ربیع الاول سے مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے: اجلاس میں فیصلہ
34 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہی ہو گی: اجلاس میں فیصلہ
کارکنان عالمی میلاد کانفرنس کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کریں: حافظ غلام فرید
ربیع الاول رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، اشتیاق حنیف مغل

لاہور (15نومبر 2017) تحریک منہاج القرآن لاہور کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس میں عالمی میلاد کانفر نس کے انتظامات، تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کاجائزہ لیا گیا، اجلاس کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کی، جبکہ ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل و دیگر رہنماء بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عالمی میلاد کانفرنس سے قبل لاہور کے تمام پی پی حلقوں اور اہم علاقوں سے استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوس، میلاد مارچ اور جشن میلاد مصطفی ﷺ کی خوشی میں ریلیاں نکالی جائینگی۔ مشعل بردار جلوس 18 نومبر سے لے کرربیع الاول کے مہینے کے اختتام تک جاری رہینگے۔ ان جلوسوں، ریلیوں میں منہاج القرآن کے مرکزی قائدین، علماء و مشائخ، مذہبی، سیاسی، سماجی، طلباء، وکلاء، مزدور، ڈاکٹرز اور تاجر رہنماؤں کے ساتھ ساتھ ہزاروں عشاقارن رسول ﷺ شرکت کریں گے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 34 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہو گی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم فوری شروع کی جائے، اجلاس میں حفیظ اللہ جاوید، ثناء اللہ خان، اصغر ساجد، حافظ صفدر علی، رمضان ایوبی، حنیف قادری، یونس نوشاہی و دیگر بھی شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ کارکنان عالمی میلاد کانفرنس کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کریں، صرف شہر لاہور سے لاکھوں مرد و خواتین کی مینار پاکستان پر ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ تمام پی پی کے صدور، ناظمین اور عہدیدار ڈور ٹو ڈور مہم تیز کریں اور لوگوں کو عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں۔

انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کیلئے آنیوالے قافلوں کی رہنمائی کیلئے منہاج القرآن لاہور کی تنظیم جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گی جہاں موجود کارکنان مینار پاکستان کی طرف جانیوالے قافلوں کا استقبال کریں گے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کریں گے اور بلند آواز میں درود و سلام پڑھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے لاہور کو میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے خوبصورت ہورڈنگز اور بینرز سے سجایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کارکنان ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی گھروں، گلیوں اور محلوں میں چراغاں کریں جبکہ تاجر برادری بازاروں کو سجائے۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ لاہور کے کارکنان اسم محمد ﷺ والے کتبے اور بینرز بنوائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ریوں کی مثالی عقیدت، عشق رسول ﷺ اور جذبہ عالمی میلاد کانفرنس میں نظر آنا چاہیے۔ ربیع الاول رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے اور حضور ﷺ کا میلاد ہر مسلمان کیلئے مسرت کا عظیم تحفہ لے کر آتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top