منہاج القرآن کے راہنماؤں نے مینار پاکستان گراؤنڈ میں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا

انتظامیہ کو بتا دیا، 34ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان ہوگی: تحریک منہاج القرآن
کوئی پھول ٹوٹے گا نہ پتہ گرے گا، کانفرنس کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں: جواد حامد
70 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، ڈاکٹرطاہر القادری خطاب کرینگے: جواد حامد
کانفرنس میں اہم بین الاقوامی شخصیت بطور مہمان خصوصی شرکت کرے گی: جواد حامد
منہاج القرآن کے راہنماؤں کا مینار پاکستان کا دورہ، PHA کے افسران سے ملاقات

لاہور (17 نومبر 2017) سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس 2017 جواد حامد کی سربراہی میں تحریک منہاج القرآن کے راہنماؤں نے مینار پاکستان کا دورہ کیا۔ وفد نے 34ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا اور مینارپاکستان میں PHA کے افسران سے ملاقا ت کی۔ ملاقات میں وفد نے PHA کے افسران سے 34ویں عالمی کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور انہیں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جواد حامد نے کہا کہ انتظامیہ کو بتا چکے ہیں کہ 34ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان ہوگی۔ یقین دلاتے ہیں کہ کوئی پھول ٹوٹے گا نہ پتہ گرے گا اور ہر طرح کی صفائی کا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی میلاد کانفرنس میں ایک اہم بین الاقوامی شخصیت بطور مہمان خصوصی شرکت کرے گی۔ کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انتظامات کے لیے 70سے زائد انتظامی کمیٹیوں نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ سرد موسم کے باوجود لاکھوں مردوخواتین، بزرگ و بچے کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

منہاج القرآن کے وفد میں ملک امتیاز اعوان، سعید اختر، راجہ ندیم، چوہدری سلطان محمود، راشد منہاس، محب مجید، راشد شہزاد، محمد ثناء اللہ، قیصر محمود، قاضی محمود اور عبد الحفیظ چوہدری شامل تھے۔ وفد نے مینار پاکستان میں 34ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور انتظامات کے حوالے سے اہم فیصلے کئے۔

جواد حامد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ عوامی تحریک منہاج القرآن یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے نوجوان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے جملہ فورمز میزبان ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات اور تیاریوں میں تیزی لائی جارہی ہے۔ ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی عالمی میلاد کانفرنس کے لیے مینار پاکستان گراؤنڈ میں سٹیج اور پنڈال کی تیاریوں کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ مردو خواتین کے لیے ہمیشہ کی طرح الگ الگ پنڈال بنائے جائیں گے۔ ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلوں کی راہنمائی کے لیے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top