تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس، ضلعی رہنماؤں کی شرکت
اجلاس میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوسوں کے حتمی شیڈول
اور روٹس کا اعلان کیا گیا
تمام ٹاؤنز، یونین کونسلز سے مشعل بردار جلوس اور جشن میلاد مصطفی ﷺ کے سلسلے میں
ریلیاں نکالی جائیں گی
مغلپورہ، گلشن راوی، باغبانپورہ، چونگی امر سدھو و دیگر مقامات سے مشعل بردار جلوس
نکالے جائیں گے
34 ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں: حافظ غلام فرید /
اشتیاق حنیف مغل
لاہور (18 نومبر 2017) تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کی جبکہ اس موقع پر ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل سمیت ضلعی، پی پی اور منہاج القرآن لاہور کے جملہ فورمز کے عہدیدار موجود تھے۔ اجلاس میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوسوں کے حتمی شیڈول اور روٹس کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ لاہور کے تمام ٹاؤنز، یونین کونسلز سے میلاد مارچ اور جشن میلاد مصطفی ﷺ کے سلسلے میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ مشعل بردار جلوسوں میں منہاج القرآن، عوامی تحریک، علماء کونسل، یوتھ لیگ اور دیگر جملہ فورمز کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنما شرکت کریں گے۔
مشعل بردار جلوسوں میں عوام الناس، تاجر برادری، وکلاء، مزدور، کسان، طلباء، سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں کو بھی شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔ اجلاس میں منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کے صدر حاجی فرخ، حفیظ اللہ جاوید، اصغر ناز، حافظ صفدر علی، شہباز بھٹی، حاجی ارشد، ثناء اللہ خان، حفیظ الرحمن خان، طارق الطاف و دیگر شریک تھے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 18 نومبر (ہفتہ) کو شالا مار ٹاؤن، گلشن راوی سے مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے جن میں منہاج القرآن لاہور کے قائدین شرکت کرینگے۔ 19 نومبر کو مناواں، گلبرگ ٹاؤن سے مشعل بردار جلوس اور ضیافت میلاد کے پروگرام منعقد کیے جائینگے۔ 20 نومبر کو استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مغلپورہ سے باغبانپورہ تک عظیم الشان مشعل بردار جلوس نکالا جائیگا۔ جلوس کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنما کرینگے۔ 20 نومبر کو ہی چونگی امرسدھو اور واپڈا ٹاؤن سے مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے اور محافل میلاد النبی ﷺ کا اہتمام کیا جائیگا۔ 25 نومبر کو ملتان روڈ (چونگی) سے مشعل بردار جلوس نکالا جائے گا اور محفل میلاد مصطفی ﷺ منعقد کی جائیگی۔
26 نومبر کو جلو پارک لاہور میں میلاد فیسٹیول منعقد کیا جائیگا جس میں بچے، بوڑھے، جوان خواتین کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ 26 کو ہی شالامار لنک روڈ باغبانپورہ سے استقبال ربیع الاول جلوس نکالا جائیگا اور بعدازاں ضیافت میلاد کا بھی اہتمام کیاجائیگا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ مینار پاکستان پر 34 ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں۔ نبی اکرم ﷺ کی ولادت سے بڑھ کر کوئی اور خوشی نہیں۔ عالمی میلاد کانفرنس میں لاہور سے لاکھوں لوگ شرکت کریں گے۔
تبصرہ