منہاج القرآن کے زیراہتمام استقبالِ ربیع الاول مشعل بردار جلوس نکالا گیا

جلوس کی قیادت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید اور اشتیاق حنیف مغل نے کی
شرکائے جلوس نے ’’سیدی، مرشدی یا نبی یا نبی ‘‘ کی صدائیں بلند کر کے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ عشق کا اظہار کیا

لاہور (18 نومبر 2017) تحریک منہاج القرآن لاہور (شالا مار ٹاؤن) کے زیر اہتمام پاکستان منٹ رہائش گاہ حفیظ الرحمن خان سے استقبالِ ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوس نکالا گیا۔ جلوس کی قیادت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید اور ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل نے کی۔ جلوس میں سینکڑوں عشاقان مصطفی ﷺ عشق محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم والے کتبے، برقی مشعلیں اٹھائے درود و سلام کی صدائیں بلند کرتے شریک ہوئے۔

جلوس میں منہاج القرآن کے رہنما مرزا حنیف مغل، اسلم طاہر، طارق الطاف، حفیظ الرحمن خان، خالد محمود مغل، حاجی عبدالخالق قادری، میاں عامر محمود و دیگر شریک تھے۔ مشعل بردار جلوس میں بچے، بوڑھے، جوان ’’سیدی، مرشدی یا نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یا نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، آمد مصطفیﷺ مرحبا مرحبا‘‘ کی صدائیں بلند کرتے حضور ﷺ سے والہانہ عشق و محبت کا اظہار کررہے تھے۔

جلوس کے راستوں کو خیر مقدمی بینرز سے سجایا گیا تھا۔ جلوس میں افراد پیدل، موٹر سائیکلوں، گاڑیوں، ٹریکٹر ٹرالیوں، بگھیوں میں سوار تھے۔ چھوٹے چھوٹے بچوں نے عربی لباس پہن رکھے تھے۔ تاجروں اور اہلیان علاقہ نے مشعل بردار جلوس کا جگہ جگہ استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ جلوس کے راستے میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں تھیں۔ جلوس مغرب کی نماز کے بعد شروع ہو کر مختلف راستوں سے گزرتا ہوا صابری چوک مرزا حنیف مغل کی رہائش گاہ پر اختتام پذیر ہوا۔ شرکائے جلوس کیلئے ضیافت میلاد کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

جلوس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں آقا ﷺ کا میلاد شایان شان طریقے سے منانے کا اہتمام کرتی ہے۔ آقائے دو جہاں ﷺ کے میلاد کی خوشی ہر مسلمان کو منانا چاہیے۔ جلوس میں موجود نعت خوانوں نے حضور ﷺ کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت اور درود و سلام کے نذرانے پیش کر کے سماء باندھ دیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top