عمران خان 26 دسمبر کو سربراہ عوامی تحریک سے ملیں گے، سراج الحق سے ٹیلی فون پر گفتگو

شریف برادران کارکنوں کی جان نہ لیتے تو صرف سیاسی اختلاف رہتا: ڈاکٹر طاہرالقادری
انتخابی اصلاحات کیلئے لاکھوں لوگ اسلام آباد لے کر گئے مگر ہم پر گولیاں نہیں برسائی گئیں
سربراہ عوامی تحریک اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے 141 ویں یوم پیدائش اور کرسمس پر مسیحی بھائیوں کو مبارکباد

لاہور (24 دسمبر 2017) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 26 دسمبر کو عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کریں گے، ملاقات میں اے پی سی، جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ اور اہم قومی امور پر تبادلہ خیال اور مشاورت ہو گی۔

گزشتہ روز جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے بھی سربراہ عوامی تحریک سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، سربراہ عوامی تحریک نے امیر جماعت اسلامی اور مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ شریف برادران کارکنوں کی جان نہ لیتے تو صرف سیاسی اختلاف رہتا اب بات سیاسی اختلاف سے آگے جا چکی، اب قصاص اور خون کے بدلے خون کا معاملہ ہے۔ حصول انصاف کی قانونی جدوجہد سے کوئی خوفزدہ نہ ہو ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہم پر امن لوگ ہیں، اگر کسی نے خوفزدہ ہونا ہے تو پانامہ کے ڈاکوؤں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے ہو جنہوں نے بے دردی سے ملکی خزانہ لوٹا، ملکی اداروں کا اتفاق فاؤنڈری سے بھی بدتر حال کیا اور اب حساب مانگنے پر عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جنوری 2013 میں بھی آئینی الیکشن کمشن کی تشکیل اور انتخابی اصلاحات کیلئے لانگ مارچ کیا تھا مگر پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمارے کارکنوں پر گولیاں نہیں برسائی تھیں، اشرافیہ کے خلاف نکلنے کا محض اعلان کیا تھا کہ انہوں نے 17 جون کو ماڈل ٹاؤن میں خون کی ندیاں بہا دیں۔

سربراہ عوامی تحریک نے مرکزی صدر مظہر محمود علوی کی صدارت میں آنے والے یوتھ ونگ کے مرکزی و صوبائی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے نوجوانوں نے ظالم نظام اور ظالم طرز حکمرانی کے خلاف بے مثال جدوجہد کی ہے، مجھے اپنی تحریک کے پڑھے لکھے پر امن اور پر عزم نوجوانوں پر فخر ہے، یہی نوجوان انقلاب کی نوید اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے 141 ویں یوم پیدائش پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ بانی پاکستان نے کمزوروں کے تحفظ کیلئے پاکستان بنایا تھا۔ آج قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کو اشرافیہ نے اپنی ذاتی سلطنت میں بدل ڈالا اور کمزور کے حقوق غصب کر لئے، اقتدار کیلئے بے گناہ انسانی خون بے دردی سے بہایا، ظالموں اور غاصبوں کا صفایا کئے بغیر بانی پاکستان کا ایجنڈا مکمل نہیں ہو گا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کرسمس کے موقع پر مسیحی عوام کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی محب وطن مینارٹیز خوشحال اور پر امن پاکستان کیلئے بے مثال کردار ادا کر رہی ہیں، مینارٹیز کو نظر انداز کر کے امن، ترقی اور استحکام کا کوئی ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top