سلطنت شریفیہ کا اقتدار نزعی حالت میں ہے بہت جلد قوم کو بڑی خوشخبری ملے گی: ڈاکٹر طاہرالقادری

اب ’’شریف جونیئر‘‘ فیصلہ کریں عزت سے جانا ہے یا کسی اور طریقے سے: ڈاکٹر طاہرالقادری
سپریم کورٹ کے فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنے کابیان دینے والے حکمرانوں کو سمندر میں پھینک دینا چاہیے
شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کی جدوجہد میں وکلاء ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں: وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل
ملک عنایت اللہ ایڈووکیٹ، حافظ ناصر محمود اعوان، میاں فیض علی، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ کی سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات

لاہور (9 جنوری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل ’’شریف جونئیر‘‘ فیصلہ کریں عزت سے جانا ہے یا کسی اور طریقے سے؟شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے ساتھ کھڑی ہونیوالی سیاسی جماعتوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ 17 جنوری کی احتجاجی تاریخ کے متفقہ اعلان سے قاتل حکمرانوں کے ایوانوں میں زلزلہ کی کیفیت ہے۔ 17 جنوری کے احتجاج میں تمام جماعتوں کی بھرپور شرکت ہو گی۔ جس جمہوریت میں وزیراعظم سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنے کا شرمناک بیان دے اور قاتلوں اور لٹیروں کو تحفظ ملے ایسے نظام اور اسکے محافظوں کو اٹھا کر سمندر میں پھینک دینا چاہیے۔ 17 جنوری سے شروع ہونیوالی احتجاجی تحریک قاتل اعلیٰ اور حواریوں کو انجام کے راستے پر ڈالے گی۔ سلطنت شریفیہ کا اقتدار نزعی حالت میں ہے بہت جلد قوم کو بڑی خوشخبری ملے گی۔ گزشتہ دو دہائیوں میں پہلی بار اپوزیشن قیادت ایک میز پر بیٹھی جس کا اعزاز عوامی تحریک کو ملا اتفاق میں برکت کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے، یہ اتفاق برقرار رہا تو ملک سے غاصبوں، قاتلوں، چوروں اور لٹیروں کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ میرا ایمان ہے ظالم نظام کے خلاف بہنے والا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ کور کمیٹی کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد کرنیکا فیصلہ کیا گیا۔ 13 جنوری کو عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔

سربراہ عوامی تحریک سے وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل ملک عنایت اللہ اعوان کی قیادت میں سینئر وکلاء کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی وفد میں حافظ ناصر محمود اعوان ایڈووکیٹ، میاں فیض علی ایڈووکیٹ ممبر پنجاب بار کونسل، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، یاسر چوہدری ایڈووکیٹ شامل تھے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل ملک عنایت اللہ اعوان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے ثابت قدمی کے ساتھ جدوجہد کرنے پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ بلا شبہ ملکی تاریخ میں پہلی بار طاقت ور طبقہ کے خلاف جوانمردی کے ساتھ عوامی تحریک کے غریب مگر نڈر اور یمان کی دولت سے مالامال کارکنان نے انصاف کی جنگ لڑی، جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کا منظر عام پر آنا مظلوم خاندانوں کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ17جنوری سے شروع ہونیوالا احتجاج انصاف کیلئے ہے اور انصاف کی جدوجہد میں وکلاء برادری شہدائے ماڈل ٹاؤن کے مظلوم ورثاء کے ساتھ ہے، انہوں نے سربراہ عوامی تحریک کو یقین دلایا کہ اگر حکمران پر امن احتجاج کے راستے میں رکاوٹ بنے یا ریاستی غنڈہ گردی کی کوشش کی گئی تو اس کا سامنا وکلاء کریں گے۔ وکلاء برادری مظلوموں کی ڈھال بنے گی۔ حکمرانوں نے روایتی مقدمہ بازی کی کوشش کی تو اسکا قانونی سامنا بھی وکلاء کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بار کے منتخب نمائندے حصول انصاف کی قانونی جدوجہد میں بھی عوامی تحریک کے وکلاء کے ساتھ کھڑے ہوں گے، سربراہ عوامی تحریک نے ملک عنایت اللہ اعوان اور انکے دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہر دور میں وکلاء نے آئین و قانون کی سر بلندی کیلئے بے مثال جدوجہد کی اور لازوال قربانیاں دیں۔ وکلاء برادری کے ہوتے ہوئے کوئی ظالم عوام کے بنیادی آئینی حقوق سلب نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بڑا شریف اللہ کی گرفت میں آیا۔ ’’شریف جونیئر ‘‘ مظلوموں کی آہوں کی لپیٹ میں آئے گا اور اب یہ وقت زیادہ دور نہیں ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top