آصف زرداری اور عمران خان کی طرف سے مال روڈ احتجاج میں شرکت کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہوں: ڈاکٹر طاہرالقادری

ناانصافی پر پورا ملک سراپا احتجاج، ’’قاتلو جان چھوڑ دو‘‘ تحریک چلے گی
اے پی سی کے اعلان کردہ احتجاج میں کسان، مزدور، وکلاء تنظیمیں شریک ہونگی
آج 13جنوری لاہورپریس کلب کے باہرویمن لیگ کی طرف سے احتجاج ہوگا
انسانی خون سے پیاس بجھانے والی پولیس شریف جونیئر کے دس سالہ اقتدار کا واحد تحفہ ہے

لاہور (12 جنوری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ مال روڈ احتجاج میں آصف علی زرداری اور عمران خان کی شرکت کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ ظلم اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے تمام طبقات احتجاج میں شریک ہوں، پورا ملک سراپا احتجاج ہے، اب ’’قاتلو ملک و قوم کی جان چھوڑ دو‘‘ تحریک چلے گی، اور قاتل اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے، وہ سینئر راہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈئر (ر) محمد اقبال، چوہدری فیاض وڑائچ، نور اللہ صدیقی، جواد حامد ودیگر راہنما موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پولیس وہی کرتی ہے اشرافیہ جس کا حکم دیتی ہے، پنجاب پولیس ہٹلر کی گسٹاپو فورس بن چکی اور وزیر اعلیٰ، وزراء، ایم پی اے، ایم این ایز کے حکم پر مخالفین کو ٹھکانے لگا رہی ہے۔ عوام چوروں، قاتلوں، ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اے پی سی کے اعلان کردہ مال روڈ احتجاج میں ناانصافی کا شکار کسان، مزدور، کلرک شرکت کریں گے۔ وکلاء، ینگ ڈاکٹرز بھی ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ ’’شریف راج‘‘ کے خاتمہ کے لیے عوام ایک پیچ پر آگئے۔ حکمرانوں نے اس لیے ظلم کی انتہاء کی کہ عوام اسے قبول کرتے چلے گئے، ظلم کی یہ خاصیت ہے یہ اتنا بڑھتا ہے جتنا اسے قبول کیا جاتا ہے، انسانی خون سے پیاس بجھانے والی پولیس شریف جونیئر کے دس سالہ اقتدار کا واحد تحفہ ہے۔ قاتل اقتدار کی رخصتی اب دنوں کی بات ہے، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنے گریبان میں جھانکیں کہ طویل ترین اقتدار اور نام نہاد خد مت کے دعووں کے باوجود وہ دن کے اجالے میں پبلک کا سامنا کیوں نہیں کر پار ہے؟ انہوں نے کہا کہ اب احتساب اور مؤاخذے کی گھڑی آپہنچی، قاتلوں کی لوٹ مار کی دولت اور کوئی تدبیر اب ان کے کام نہیں آئے گی۔

خرم نواز گنڈا پور نے تنظیمی رابطوں اور رابطہ عوام مہم کے حوالے سے سربراہ عوامی تحریک کو تفصیل سے بریفنگ دی اور بتایا کہ کارکنوں عوامی حلقوں میں جوش و جذبہ ہے اور وہ ظالم حکمرانوں سے نجات کے لیے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک ویمن لیگ کی طرف سے 13 جنوری کو 1 بجے پریس کلب لاہور کے باہر جسٹس فار زینب کے لیے احتجاج ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top