شہباز شریف وزیراعظم بنیں؟ انشاء اللہ یہ برا وقت پاکستان پر نہیں آئیگا: خرم نواز گنڈاپور

27 جنوری کو سنٹرل ایگزیکٹو 28 کو فیڈرل کونسل کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہو گی
دونوں اجلاسوں کی صدارت پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کریں گے
وزیراعلیٰ لوٹی دولت پاکستان لانے کی ابتداء اپنے بڑے بھائی اقامہ ہولڈر نواز شریف سے کریں، اجلاس میں گفتگو

لاہور (26 جنوری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ 27 جنوری کو پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹواور 28 جنوری کو فیڈرل کونسل کا اجلاس ہو گا، اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف، عوامی تحریک کے پارٹی آئین میں ترامیم اور بعض اہم تنظیمی امور زیر بحث آئیں گے، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ملک بھر کے عہدیداران سے مشاورت کرینگے اور آئندہ کے تنظیمی، سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے تجاویز لیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اے پی سی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس تنظیمی اجلاسوں کے بعد بلارہے ہیں، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قاتل اعلیٰ پنجاب کے وزیراعظم بننے والا برا وقت ان شاء اللہ پاکستان پر کبھی نہیں آئے گا، یہ برے وقت کے خاتمے کے دن ہیں، شہباز شریف لوٹی دولت واپس لانے کے نیک کام کا آغاز اپنے بڑے بھائی اقامہ ہولڈر نواز شریف کی دولت واپس لانے سے کریں اور اس ضمن میں احتساب عدالت اور نیب کی مدد کریں اس وقت احتساب عدالت میں شریف خاندان کے کرپشن ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قصور کے دلخراش واقعات پر اصل حقائق قوم کے سامنے آنے چاہئیں، عمران علی نامی قاتل اکیلا ہے یا اس کا کسی گروہ سے تعلق ہے اس حوالے سے غیر جانبدار جے آئی ٹی تحقیقات کر کے قوم کو آگاہ کرے اور اگر کوئی سہولت کار ہیں تو انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے، یہ بات محض اتفاق نہیں ہے، اس سے قبل قصور میں اڑھائی سو کے قریب بچوں کے ساتھ بداخلاقی کے واقعات پیش آئے اور درجن بھر بچیوں کو درندگی کے ساتھ قتل کیا گیا، اسے محض قاتل کی جنونیت قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے، اگر ان واقعات کے ماسٹر مائنڈ، سرپرست اور سہولت کار کٹہرے میں نہ آئے تو مزید بچے اس بربریت اور درندگی کی بھینٹ چڑھیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top