گلگت، بلتستان کے طلبہ کی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات

گلگت، بلتستان کے تعلق رکھنے والے طلباء نے تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات کی۔ وفد میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے صدر راجہ حسیب، غلام عباس، عطرت حسین، رضی اللہ، نصر اللہ سنجرانی اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن، باصلاحیت، علم اور امن دوست ہیں۔ تمام تر مشکلات کے باوجود جی بی کے عوام نے ملکی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ قیام امن میں جی بی کے عوام کے مثبت کردار کے ہم شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی بی کے امن اور انسان دوست عوامی حلقوں نے کسی انتہا پسند تنظیم کو اپنے ہاں چھپنے یا بھیس بدل کر کام کرنے کی اجازت نہیں دی۔

انہوں نے تربیتی سیشن میں شرکت کیلئے آنے والے طلباء کو خوش آمدید کہا۔ گلگت بلتستان کے طلباء نے ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پررانا تجمل، چوہدری ذلج اور احسن ایاز بھی موجود تھے۔ گلگت بلتستان کے طلباء نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دور افتادہ علاقہ جات کے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کیلئے مثالی تعلیمی ادارے قائم کئے اور دینی و دنیاوی تعلیم و تربیت کا مثالی ماحول فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اسلام کا پر امن چہرہ پیش کرنے پر ڈاکٹر طاہرالقادری کے معترف ہیں۔

طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علم، امن اور تحقیق کے میزبان ہیں۔ تحریک منہاج القرآن تعلیم و امن کے فروغ کیلئے اسلام کا پر امن تشخص اجاگر کرنے کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری فرقہ واریت کے خاتمے ، انصاف اور عدل کے قیام سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن کے تحت قائم تعلیمی اداروں میں گلگت بلتستان کے طلباء کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے طلباء کیلئے تعلیم و تربیت کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ جنت نذیر وادیوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلباء کو تعلیم و تربیت دینے کے استعداد کار میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن معاشرے سے جہالت کے اندھیرے دور کر رہی ہے ، جہالت ختم ہو گی تو انتہا پسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ ہو گا۔ دلیل سے بات چیت کرنے، صبر و تحمل سے ایک دوسرے کے خیالات و نظریات کو جاننے سے ہی ہم ترقی کر سکتے ہیں۔ ہم نے ایک زندہ اور طاقت ور قوم بننا ہے تو دینی و دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ سائنس اور ٹیکنالوجی کے علوم میں بھی ترقی حاصل کرنا ہو گی۔

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے صدر راجہ حسیب، غلام عباس، عطرت حسین، رضی اللہ، نصر اللہ سنجرانی و دیگر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاک چائنہ اکنامک کوریڈور میں جی بی کے عوام کیلئے کیا فوائد ہیں جاننا چاہتے ہیں۔ حکمرانوں نے الیکشن میں جی بی کے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے ہم ان پر عمل کے منتظر ہیں، ہمارا مطالبہ ہمیشہ سے یہی ہے کہ ہمیں پاکستانی سمجھا جائے، روزگار کے مواقعوں میں اضافہ کیا جائے اور گلگت بلتستان میں مزید کالجز اور یونیورسٹیز قائم کی جائیں۔

طلبہ کے وفد نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک ماہ کے تربیتی کیمپ میں بھی شرکت کی۔ تربیتی کیمپ میں طلباء کو بنیادی دینی علوم انگلش ، اردو لینگوئج کورسز کے ساتھ ساتھ مختلف کمپیوٹر کورسز بھی کروائے گئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top