غیر ملکی قرضوں اور سود سے نجات کیلئے کوئی فکر مند نہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین

عوام کو درپیش تعلیم، صحت، انصاف کے مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ نے کردار ادا نہیں کیا
اپنے حق کیلئے عوام خود نہیں بولیں گے تو کوئی اور بھی نہیں بولے گ، صدر منہاج القرآن
صدر منہاج القرآن دو روزہ تنظیمی دورے پر اسلام آباد، میانوالی روانہ، خرم نواز گنڈاپور ہمراہ ہیں

لاہور (10 فروری 2018) تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین دو روزہ تنظیمی دورہ پر اسلام آباد اور میانوالی کیلئے راونہ ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب، تنظیمی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور 11 مارچ کو میانوالی میں سیمینار سے خطاب کریں گے۔ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور و دیگر سینئر عہدیدار ان کے ہمراہ ہیں۔ روانگی سے قبل ڈاکٹر حسین محی الدین نے یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کو درپیش معاشی، تعلیمی اور صحت کے مسائل پر ایوانوں سے ٹھنڈی ہوائیں نہیں آرہیں، 70 سال کے بعد بھی پاکستان کے عوام تعلیم اور صحت کی معیاری، بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، آج بھی 80فیصد عوام صاف پانی سے محروم ہے، انصاف کے حصول کا طویل دورانیہ پر خود عدالتوں کے معزز ججز بھی پریشان ہیں، پارلیمنٹ کو قانون سازی کے محاذ پر جو کردار ادا کرنا تھا وہ نہیں ہوا جس کی سزا پاکستان کا ایک عام غریب آدمی بھگت رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد حالات اتنے برے نہیں تھے جو آج بتدریج ہو چکے ہیں، 1947 ء میں پاکستان ایک غریب ملک ضرور تھا مگر مقروض اور اغیار کا کاسہ لیس نہیں تھا، آج ہم بتدریج غیر ملکی قرضوں کی دلدل میں پھنس کر اپنی خودمختاری کو رہن رکھ بیٹھے ہیں اس بات پر کوئی فکر مند نہیں کہ غیر ملکی قرضے اور سود مرکب سے جان کیسے چھڑوانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کچھ حقوق و فرائض کے ساتھ بہترین نظام ہے مگر جمہوریت کے سہارے پر اقتدار حاصل کرنے والے اپنے فرائض بھول چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہی حکومتوں، ایوانوں اور اداروں کا قبلہ درست کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے عوام کو کرپشن، لوٹ مار، قتل و غارت گری اور تعلیم، صحت کی سہولتوں کے فقدان پر خاموش تماشائی نہیں بنے رہنا چاہیے، اپنے حق کیلئے پاکستان کے عوام خود نہیں بولیں گے تو کوئی اور بھی نہیں بولے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top