ڈاکٹر طاہرالقادری نے انسداد دہشتگردی کا فتویٰ دے کر دشمنوں کے منہ ہمیشہ کے لیے بند کیے: منہاج القرآن

منہاج القرآن کی طرف سے شیخ الاسلام کی شائع شدہ 532 کتب کی فہرست جاری
فہرست 67 ویں سالگرہ کے تناظر میں جاری کی گئی، 19 فروری کو اندرون و بیرون ملک علمی کام پر کانفرنسز ہونگی
دو جلدوں پر محیط مقدمہ سیرت الرسول ﷺ ایک ہزار سال کی پہلی علمی کاوش ہے، کتب کی مجموعی تعداد 1 ہزار سے زائد ہے
سیمینارز محافظ اسلام و انسانیت کے عنوان سے ہوں گے: ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ MQI

لاہور (12 فروری 2018) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام قائم فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے تناظر میں ان کی تحریر کردہ 532 مطبوعہ کتب کی فہرست جاری کی ہے، جب کہ کتب کی مجموعی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی سالگرہ پر اندرون و بیرون ملک ’’محافظ اسلام و انسانیت‘‘ کے عنوان سے سیمینارز اور کانفرنسز منعقد کی جائیں گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مذہبی و غیر مذہبی، فکری و نظریاتی، سیاسی و معاشی، آئینی و قانونی اور سائنسی علوم کے موضوعات پر کتب تحریر کیں۔ ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ محمد فاروق رانا نے اس ضمن میں تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تحریر کردہ کتب شرق و غرب اور عرب و عجم میں صاحبانِ علم و دانش کی علمی پیاس بجھا رہی ہیں۔ بالخصوص فروغ امن کے ضمن میں شیخ اسلام کے علمی و تحقیقی کام سے مغرب میں نوجوان نسل بے حد متاثر ہے، اغیار نے اسلام کا نام دہشتگردی سے جوڑ کر نوجوان نسل کو اسلام سے متنفر کیا مگر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآن و سنت کی روشنی میں اسلام کے پرامن چہرے کو پیش کر کے نوجوان نسل کا تعلق اسلام اور اسلامی طرز حیات سے جوڑا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے علمی و تحقیقی سطح پر اتنا مواد مہیا کر دیا ہے کہ مستقبل میں بھی کوئی بد خواہ ہمارے نوجوانوں کو گمراہ نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام نے قرآنی علوم پر 28 کتب تحریر کیں جن میں شہرہ آفاق ترجمہ عرفان القرآن بطور خاص شامل ہے۔ شیخ الاسلام نے علوم الحدیث پر 79، ایمانیات و اعتقادیات پر 74، عبادات کے موضوع پر 12، سیرت الرسول و فضائل نبوی ﷺ پر 60، صحابہ کرام و صحابیات اور اہل بیت اطہار و اولیاء و صالحین پر 33، ختم نبوت و تقابل ادیان پر 7، فقہ پر 15، اخلاق و تصوف پر 23، اوارد و وظائف پر 15، اقتصادیات پر 10، نظریہ و فکر پر 46، دستور و قوانین پر 11، اسلام اور سائنس پر 6، امن محبت اور رد تشدد پر 17، حقوق انسانی پر 7 اور تعلیمات اسلامی پر 11 کتب تحریر کیں جو شائع ہو چکی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انگریزی میں قرآن و حدیث اور سیرت رسولﷺ پر 76 کتب تحریر کی ہیں، شائع شدہ کتب میں عربی زبان کی کتب بھی شامل ہیں۔

ڈائریکٹر ریسرچ کے مطابق فتنہ خوارج و انسداد دہشت گردی کے موضوع پر تحریر کیا گیا ضخیم فتویٰ کے تراجم عربی، انگریزی، نارویجن، فرنچ، انڈیونیشین، ہندی اور سندھی زبانوں میں بھی چھپ چکے ہیں۔ ترجمہ عرفان القرآن کے بعد سب سے زیادہ مقبولیت دہشتگردی کے خلاف دئیے گئے فتویٰ کو ملی، اس فتویٰ کے شائع ہونے کے بعد اسلام کا تعلق دہشتگردی سے جوڑنے والوں کے منہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند ہو گئے ہیں۔ شیخ الاسلام نے فروغ امن اور انسداد دہشت گردی کا اسلامی نصاب بھی تشکیل دیا ہے جو 46 کتب پر مشتمل ہے۔ ڈائریکٹر ریسرچ نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیرت الرسول ﷺ پر دو جلدوں پر محیط مقدمہ سیرت الرسولﷺ تحریر کیا جو ایک ہزار سال کی اسلامی تاریخ کی پہلی کاوش ہے۔

دریں اثناء ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر ہالینڈ میں 16 فروری، مانچسٹر میں 17 فروری، پیرس میں 18 فروری اور بارسلونا میں 19 فروری کو مرکزی تقریبات ہوں گی۔ 19 فروری کو پاکستان میں سب سے بڑی تقریب منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ہوگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top