تحریک منہاج القرآن نے رواں ماہ ہونے والی تقاریب کا شیڈول جاری کر دیا

مورخہ: 05 مارچ 2018ء

8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تقریب منعقد کی جائیگی،
11 مارچ کو سیدہ کائنات کانفرنس، سیدنا صدیق اکبر کانفرنس، 18 مارچ کو یوتھ الائنس کا اجلاس منعقد ہو گا
اجتماعی شادیوں کی تقریب 25 مارچ کو ہو گی جس میں 23 مستحق بچیاں پیا گھر سدھاریں گی

لاہور (5 مارچ 2018) تحریک منہاج القرآن نے رواں ماہ ہونے والی تقاریب کا شیڈول جاری کر دیا۔ 25 مارچ (اتوار) کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 23 غریب و مستحق بچیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب منعقد ہو گی۔ تقریب میں 20 مسلم 3 غیر مسلم جوڑے رشتہ ازدواج میں بندھیں گے۔ ہر نوبیاہتا جوڑے کو ضروریات زندگی کا تمام سامان تحفے میں دیا جائیگا۔ شادیوں کی تقریب میں ملک کی اہم سیاسی، سماجی، مذہبی، علمی، شوبز اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام طلبہ میں ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ اور فکری، شعوری ارتقا کیلئے 19 مارچ تا 22 مارچ کو سالانہ کل پاکستان بین الکلیاتی مقابلے منعقد ہونگے۔ اس ہفتہ تقریبات میں پاکستان بھر کے جامعات اور کالجز کے طلباء شرکت کرینگے۔

18 مارچ (اتوار) کو پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیراہتمام ’’یوتھ الائنس‘‘ کا اہم اجلاس منعقد ہو گا جس میں 15 سے زائد سیاسی و مذہبی جماعتوں کے یوتھ ونگز کے مرکزی رہنما اور مختلف طلباء تنظیمات کے قائدین شرکت کرینگے۔ یوتھ الائنس کی تقریب کی صدارت عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی کرینگے۔

11 مارچ (اتوار) کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت سیدہ کائنات کانفرنس منعقد کی جائیگی، کانفرنس میں اہم سیاسی، مذہبی، علمی و سماجی خواتین رہنما شرکت کریں گی اور سیدہ کائنات کے اسوہ حسنہ پر روشنی ڈالیں گی۔

11 مارچ (اتوار ) کو ہی منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام خلیفہ اول، یار غار حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے یوم وصال کے حوالے سے شان صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس منعقد کی جائیگی، کانفرنس میں منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ ملک کے جید علمائے کرام، مشائخ عظام شرکت کرینگے۔

8 مارچ کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ماڈل ٹاؤن میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تقریب منعقد کی جائیگی جس میں اہم سیاسی، مذہبی و سماجی خواتین رہنما شرکت کرینگی، تقریب میں خواتین مقررین ملکی ترقی میں خواتین کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top