سکھ میرج ایکٹ کی منظوری، سکھ قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں: سہیل احمد رضا

مورخہ: 16 مارچ 2018ء

پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سکھ مذہب کو الگ مذہبی تشخص دیا گیا : ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل

لاہور (16 مارچ 2018) ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل ریلیشنز سہیل احمد رضا نے سکھ مذمب کے نانک شاہی کیلنڈر کے 550ویں سال کی ابتداء کے موقع پر سکھ رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ مذہب کے نانک شاہی کیلنڈر کے 550ویں سال کی ابتداء اور سکھ مذہب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کی پنجاب اسمبلی میں متفقہ طور پر سکھ میرج ایکٹ کی منظوری پر پوری سکھ قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ملاقات میں سردار تارا سنگھ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی، سردار گوپال سنگھ چاولہ، سردار بشن، سردار رمیشن سنگھ ایم پی اے، سردار جنم سنگھ و دیگر سکھ رہنما موجود تھے۔

سہیل احمد رضا نے سکھ برادری کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے مبارکباد کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں سکھ میرج ایکٹ پاس ہونے کے بعد تاریخ میں پہلی مرتبہ سکھ مذہب کو ایک علیحدہ مذہب کی شناخت حاصل ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے ہندوستان میں سکھ قوم پر ہندو میرج ایکٹ کا نفاذ ہوتا ہے جبکہ اب پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سکھ مذہب کو ایک الگ مذہبی تشخص دیا گیا ہے جوکہ آئین پاکستان کی روح کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج اس اہم موقع پر ہم پوری دنیا کی سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ سکھ مسلم دوستی خطے میں امن کی ضامن ہے۔ مسلم صوفیاء کی تعلیمات میں بھائی چارے، امن و محبت کا درس ملتا ہے جبکہ بابا گرونانک نے بھی امن و محبت کی تعلیمات دیں۔ صوفیاء کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی اس خطہ کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ ہم متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کے سیکرٹری اور چیئرمین کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top