23 مارچ : عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کی جیوے پاکستان موٹر سائیکل ریلی

مورخہ: 23 مارچ 2018ء

ریلی شاہدرہ سے شروع ہو کر مینار پاکستان پر اختتام پذیر ہوئی، سینکڑوں موٹر سائیکل سواروں کی شرکت
23 مارچ ماضی کی کوتاہیوں کی اصلاح کرنے حال کو درست کرنے کا درس دیتا ہے: مظہر علوی
ملکی استحکام کیلئے موجودہ فرسودہ نظام اور عوام دشمن حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی: حاجی فرخ

لاہور (23 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے زیراہتمام 23 مارچ کے موقع پر جیوے پاکستان موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی، ریلی کا آغاز شاہدرہ موڑ سے ہوا، مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی مینار پاکستان پر اختتام پذیر ہوئی۔ جیوے پاکستان موٹر سائیکل ریلی کی قیادت عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی اور عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے صدر حاجی فرخ خان نے کی۔ ریلی میں سینکڑوں موٹر سائیکل سوار سبز ہلالی و پارٹی پرچم لہراتے ہوئے جیوے جیوے پاکستان، پاکستان زندہ باد، قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ زندہ باد، علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مظہر محمود علوی نے کہا کہ 23 مارچ ایک اہم تایخ ساز دن ہے۔ 23 مارچ کا دن ماضی کی کوتاہیوں کی اصلاح کرنے اور حال کو درست کرنے کا درس دیتا ہے، مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے کیلئے، ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے، ملکی سلامتی و استحکام کی خاطر ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہنے کا درس دیتا ہے۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ہر نوجوان ملک کے تقدس اور تحفظ کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لسانیت، تعصب، دہشتگردی اور فرقہ واریت کے عذاب سے نجات کیلئے جرات مندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے جو ان کرپٹ، قاتل اور بزدل حکمرانوں کے پاس نہیں ہے۔ ملک کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جسکی جرات اور ویژن ملکی سلامتی و تحفظ کی ضمانت دیتا ہو۔

شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک لاہور کے صدر حاجی فرخ خان نے کہا کہ قرارداد پاکستان کی بنا پر ہم نے جو ملک حاصل کیا وہ ابھی تک نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے ہمہ گیر ترقی حاصل نہیں کر سکا۔ صنعتی، تعلیمی، زرعی ڈھانچے تو تعمیر کر لئے، عدلیہ، مقننہ اور انتظامیہ کے ملک گیر ادارے بھی قائم کر لئے لیکن عوام کو بے انصافی، غربت، بے روزگاری اور جہالت سے نجات نہیں دلا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ موجودہ فرسودہ نظام اور عوام دشمن حکمرانوں سے نجات حاصل کی جائے، یہی قرارداد مقاصد اور یوم پاکستان کی صحیح روح ہے۔ ریلی سے عوامی تحریک لاہور کے جنرل سیکرٹری شفاقت مغل، عمر اعوان، شیخ عتیق، ہارون ثانی، شعیب احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top