ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیر غلام حیدر ضیائی کے انتقال پر اظہار افسوس

غلام حیدر ضیائی باعمل مسلمان اورسچے عاشق رسول تھے: ڈاکٹر طاہرالقادری
پیر غلام حیدر ضیائی صالح بزرگوں کے روحانی فیض کے امین تھے: ڈاکٹر حسن محی الدین

لاہور (25 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کے رہنما معروف علمی و روحانی شخصیت الحاج پیر غلام حیدر ضیائی قادری کی رحلت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے صاحبزادگان پیر سجاد حیدر ضیائی اور پیر جنید حیدر ضیائی کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ الحاج پیر غلام حیدر ضیائی قادری کی وفات سے عالم اسلام بالخصوص پاکستان ایک باعمل عالم دین، سچے عاشق رسول سے محروم ہو گیا ہے۔ پیر غلام حیدر ضیائی قادری کی رحلت تحریک منہاج القرآن،ان کے وابستگان اور رفقاء کیلئے گہرا صدمہ ہے، پیر غلام حیدر ضیائی نے ساری زندگی دین اسلام اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کررکھی تھی، ان کی وفات سے ملک ایک نیک، صالح مرد قلندر سے محروم ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات کو بلندی عطا فرمائے، جنت میں اعلیٰ مقام دے، لواحقین، معتقدین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔

پیر غلام حیدر ضیائی کی نماز جنازہ باغبانپورہ لاہور میں ادا کی گئی، نماز جنازہ تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے پڑھائی، نماز جنازہ میں منہاج القرآن عوامی تحریک کے رہنماؤں جی ایم ملک، راجہ زاہد محمود، قاضی فیض الاسلام، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، علامہ غلام ربانی تیمور، حفیظ اللہ جاوید، حاجی غلام غوث، مرزا حنیف صابری سمیت مذہبی، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، عوام الناس، علاقہ عمائدین اور ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ پیر غلام حیدر ضیائی صالح بزرگوں کے روحانی فیض کے امین تھے، ان کی رحلت سے ملت اسلامیہ ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔

دریں اثناء صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، انجنیئررفیق نجم، جواد حامد، علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، علامہ رانا محمد ادریس، احمد نواز انجم، علامہ رفیق رندھاوا، ساجد محمود بھٹی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات عوامی تحریک نوراللہ صدیقی، عبدالحفیظ چودھری و دیگر مرکزی، صوبائی و ضلعی قائدین نے مرحوم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پیر غلام حیدر ضیائی کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی طور پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ مرحوم کو مومن پورہ قبرستان دراوغہ والا میں ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا، پیر غلام حیدر ضیائی کی قل خوانی جمعرات کو چار بجے سہ پہر مسجد آرائیاں باغبانپورہ میں ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top