مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ’’قومی تعمیر و ترقی میں طلباء کا کردار‘‘ کے عنوان سے سیمینار
قلم اور کتاب سے دوستی کردار سنوار تی ہے، کردار سے بڑھ کر کوئی اسلحہ نہیں: عرفان یوسف
طلباء ملک و ملت کی تعمیر، ترقی اور سر بلندی کو اپنی زندگی کا اولین مقصد بنائیں
مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے: مرکزی صدر MSM
لاہور (18 جولائی 2018) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے طلبہ کو ملک و قوم کا سرمایہ افتخار کہا تھا اور ایمان، اتحاد، تنظیم کی نصیحت کی تھی۔ طلبہ کو بابا قوم کے فرمان کے مطابق یقیناً قوم کا سرمایہ افتخار بننا چاہیے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے قول و عمل سے ثابت کریں کہ وہ بہترین طالب علم اور اعلیٰ ترین قوم ہیں۔ طلبہ کی اولین ترجیح کتاب سے دوستی ہونا چاہیے جو طالبعلم اس رشتے کو مضبوط کر لیتے ہیں وہی ملک و قوم کیلئے تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں۔ قلم اور کتاب سے دوستی کردار سنوار دیتی ہے اور کردار سے بڑھ کر کوئی اسلحہ نہیں، غنڈہ گردی کے بل بوتے پر کالجوں اور یونیورسٹیوں میں خوف پھیلانے والے عناصر کو طلبہ کی اکثریت نے مسترد کر دیا ہے، تشدد کی راہ اپنانے والے طلبہ اپنا مستقبل برباد کرتے ہیں۔ حقیقی لیڈر وہی ہوتا ہے جو قوم کی رہنمائی صحیح سمت میں کرے، ایسا وہی کر سکتا ہے جس نے دوران تعلیم صرف حصول علم کو ہی اولیت دی ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ’’قومی تعمیر و ترقی میں طلباء کا کردار‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے رہنما رانا تجمل، میاں عنصر محمود، یونس نوشاہی، محب مجید، فراز ہاشمی، احسن ایازسمیت مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
عرفان یوسف نے کہا کہ طلباء اپنے مقصد حیات کو تلاش کریں اور پھر اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہو جائیں۔ طلباء میں وطن سے محبت کا جذبہ ہونا بہت ضروری ہے تاکہ وہ ملک و ملت کی تعمیر اور سر بلندی کواپنی زندگی کا مقصد اول بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء معاشرے کا حسن اور ملکوں کا مستقبل ہوتے ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر کی امین بن کر ملک سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ طلباء کی کردار سازی کیلئے عملی طو ر پر کوشاں ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم دوست ماحول کیلئے کوشاں ہیں۔ ہم طلبہ میں وطن سے محبت اور اسلام سے وابستگی پیدا کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ملکی یکجہتی کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو ختم کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
تبصرہ