مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سنٹرل پنجاب کا صوبائی، ضلعی، تحصیلی عہدیداران کا اہم اجلاس

مورخہ: 19 اگست 2018ء

نو منتخب صوبائی عہدیدران فرحان عزیز، فہد سردار، ضیاء الرحمان کو مبارکباد دی گئی
ظالمانہ سیاسی نظام طلباء کی امنگوں اور آرزؤں کا قاتل ہے: عرفان یوسف
کئی دہائیوں سے جکڑ کر رکھنے والا عوام دشمن نظام اتنا سادہ نہیں کہ چار دن میں تبدیلی آ جائے: صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ
شریف برادران نے لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا، ڈاکٹر طاہرالقادری کی سوچ مثبت اور درست سمت پر ہے: رانا تجمل

لاہور (19 اگست 2018ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سنٹرل پنجاب کے صوبائی، ضلعی، تحصیلی عہدیداران کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر عرفان یوسف نے کی۔ اجلاس میں نو منتخب صوبائی عہدیدران فرحان عزیز، فہد سردار، ضیاء الرحمان کو مبارکباد دی گئی، موجودہ ملکی حالات میں طلباء کے کردار اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ رانا تجمل، یونس نوشاہی، میاں عنصر، فراز ہاشمی، احسن ایاز کھیتران، آصف چیمہ، سفیان مغل، آصف عزیز، احمد جٹ، رانا احسن، انجینئر وقار و دیگر عہدیداران شریک تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان یوسف نے کہا کہ موجودہ ظالمانہ سیاسی نظام طلباء کی امنگوں اور آرزؤں کا قاتل ہے، جس عوام دشمن نظام نے کئی دہائیوں سے جکڑ رکھا ہے وہ اتنا سادہ نہیں کہ چار دن میں تبدیلی آ جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی سیاسی جدوجہد نے قاتل، کرپٹ عناصر کو بے نقاب کیا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سے وابستہ طلباء تاریخ کا رخ موڑنا اور اپنا حق لینا جانتے ہیں۔ ملک بچانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری غریب عوام کو غلامی سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم جدوجہد میں طلباء کو شریک کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام ہر کالج اور یونیورسٹی تک پہنچا رہے ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک ملت اسلامیہ کیلئے جو درد رکھتے ہیں وہ ہمیں ہر سینے میں منتقل کرنا ہو گا تاکہ پاکستان کو خوشحالی، عزت و وقار مل سکے۔

سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ رانا تجمل نے کہا کہ سیاست لوٹنے کا نہیں عوام کے مسائل حل کرنے کا نام ہے مگر ماڈل ٹاؤن میں معصوم شہریوں کو قتل کرنیوالے شریف برادران نے لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا آج کا پاکستان ان کرپٹ عناصر کی وجہ سے بانی پاکستان کی سوچ سے متصادم دکھائی دیتا ہے، نظام تعلیم بکھر چکا ہے، صحت کی سہولیات میسر نہیں ان حالات میں صرف ڈاکٹر طاہرالقادری کی سوچ مثبت اور درست سمت پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ شریف برادران جان لیں کہ ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہونیوالے ظلم کو نہیں بھولے۔ انصاف کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ماڈل ٹاؤن کے بے گناہوں کا خون بہانے والے اسی دنیا میں حساب دے کر رخصت ہونگے۔ گونگے بہرے نظام کو مظلوموں کی آہیں سننا ہوں گی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو 4 سال گزر گئے ابھی تک 14 شہدا اور 100 زخمیوں کو انصاف نہیں ملا۔ ماڈل ٹاؤن میں ظلم ہوا، انصاف کے ادارے اور منصف مظلوموں کو انصاف دلوا کر اپنا وعدہ کریں، جب تک سانس چل رہی ہے انصاف کیلئے آواز بلند کرتے رہینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top