اسلام بین الاقوامی بھائی چارے اور امن بقائے باہمی کی تعلیم دیتا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری کا ٹیکساس میں اسلامک سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب
حج اسلامی تعلیمات، عبادات کا جوہر اور عظیم اسلامی ثقافت کابے مثال نمونہ اور مظاہرہ ہے: سربراہ عوامی تحریک
لاہور (20 اگست 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہرKATY میں منہاج القرآن اسلامک سنٹر کی عمارت کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام بین الاقوامی بھائی چارے اور پر امن عالمی معاشرے کی تشکیل اور استحکام کی تعلیم دیتا ہے۔ اسلامی تعلیمات میں سوسائٹی کے کمزور طبقات کے حقوق کا تحفظ اور اقلیتوں کی ترقی اور حفاظت کی ضمانت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا جنگ و جدل، بد اعتمادی کا شکار ہے، بین المذاہب مکالمہ اور رواداری کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ مذاہب کی سچی تعلیمات اقوام عالم کے مابین مکالمہ کے حوالے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ دنیا میں جنگ و جدل کا سبب مذہب سے زیادہ سیاسی، معاشی مسائل رہے ہیں۔
اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری اور امریکہ کے تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے فریضہ حج کی ادائیگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج اسلامی تعلیمات، عبادات کا جوہر اور عظیم اسلامی ثقافت کا بے مثال نمونہ اور مظاہرہ ہے۔ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران ملت واحدہ کا اسلامی آفاقی تصور اور تشخص اپنی تمام تر سچائیوں اور رعنائیوں کے ساتھ نمایاں ہوتا ہے، اللہ رب العزت فریضہ حج کی بلند پایہ عبادت اور اسکے فیوض و برکات سے ملت اسلامیہ کو مالا مال کرے اور سنت ابراہیمی کے فلسفہ ایثار و قربانی پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا کرے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن فروغ علم، فروغ محبت، اصلاح احوال اور نفرتوں کے خاتمے کی عالمگیر تحریک ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی تعلیم و تربیت و تحقیق کا مرکز و محور ملت اسلامیہ بالخصوص نوجوان اور آئندہ نسلیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نوجوانوں کے اندر علم دوستی، قانون و امن پسندی کے اوصاف پیدا کرنے پر محنت کر رہے ہیں اور نوجوانوں کو انتہا پسندی، تکفیریت اور دہشتگردانہ باطل نظریات سے خبردار کر رہے ہیں۔
تبصرہ