منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو ضلعی انتظامیہ نے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت دے دی

مورخہ: 20 اگست 2018ء

100 سے زائد شہروں میں اجتماعی قربانیاں ہوں گی، انتظامات مکمل: سید امجد علی شاہ
منہاج القرآن کے فلاحی منصوبہ جات میں تعلیم اور آرفن ہومز کو خاص توجہ حاصل ہے

لاہور (20 اگست 2018ء) ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو انتظامیہ کی جانب سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کا تحریری اجازت نامہ جاری کر دیا گیا ہے، اجازت نامہ ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، اسی طرح ملک کے دیگر شہروں میں بھی اجازت نامے موصول ہو گئے ہیں، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ہمیشہ قانونی ضابطوں کو پورا کیا ہے، فاؤنڈیشن کے منصوبوں سے ہزاروں غریب اور مستحق افراد مستفید ہورہے ہیں، منہاج القرآن کے فلاحی منصوبہ جات میں تعلیم اور آرفن ہومز کو خاص توجہ حاصل ہے، دین ہو یا سیاست انسانی خدمت اور کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا جذبہ ہی اس کی اصل روح ہے، انسانی خدمت کے شعبے میں بے مثال خدمت اور شفافیت کی وجہ سے اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے علمی، فلاحی منصوبہ جات پر مکمل یقین ہے۔ کل عیدالاضحی پر ملک کے 100 سے زائد شہروں میں ہزاروں اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کیا جائیگا، گوشت غربا، مساکین اور مستحقین میں تقسیم کیا جائیگا، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مخیر حضرات کی پائی پائی کو انسانی خدمت کے منصوبوں بالخصوص تعلیمی منصوبوں پر خرچ کرتی ہے، یتیم بچوں کی تعلیم اور کفالت کے منصوبے آغوش کا دائرہ اب لاہور سے باہر تک پھیلا دیا گیا ہے، منہاج القرآن کے زیر اہتمام بیرون ملک بنگلہ دیش، انڈیا، کینیا، صومالیہ، نیپال میں بھی اجتماعی قربانیوں کے کیمپ لگائے جائینگے، کھالوں سے اکٹھی ہونے والی رقم فلاحی منصوبوں پر خرچ کی جاتی ہے، لاہور میں قائم کی گئی مرکزی قربان گاہ میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، سینکڑوں گائے، بکرے، دنبے اور چھترے ذبح کیے جائینگے، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں قربانی مہم کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر خرم شہزاد، حاجی منظور، طیب ضیاء، ایوب انصاری، سعید اختر و دیگر بھی موجود تھے۔

سید امجد علی شاہ نے کہا کہ قربانی اسلامی تعلیمات کاایک اہم حصہ ہے، اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ اور مالی عبادت ہے، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والا ایک عالمگیر ادارہ ہے جو ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن اور ہدایات کے مطابق شب و روز پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کیلئے کوشاں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ نفرت کا پرچار کرنے والوں کی مالی مدد روکنا عوام کی دینی، قانونی ذمہ داری ہے۔ عوام قربانی کی کھالیں انسانیت خدمت کی شناخت رکھنے والی تنظیموں کو دیں، امن اور اتحاد کے دشمن فلاحی تنظیموں کے روپ میں کھالیں اکٹھی کرتے ہیں، منہاج القرآن کئی دہائیوں سے تعلیم کی فراہمی اور انسانی خدمت میں پیش پیش ہے، تھر میں صاف پانی کے سینکڑوں منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں، تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے ہر سال کروڑوں روپے کے تعلیمی وظائف دیتے ہیں، کچی بستیوں، جیلوں، ہسپتالوں اور ضرورت مند و مستحقین میں وگوشت کی تقسیم کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، 60 سے زائد گاڑیوں کے ذریعے مستحقین میں گوشت تقسیم کی جائیگا، گرم موسم کے پیش نظر برف و دیگر ضروری انتظامات بھی کر لیے گئے ہیں، حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قربانی کیلئے صحت مند جانوروں کا انتخاب کیا گیا ہے، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مرکزی قربان گاہ لاہور میں ایک جدید سلاٹر ہاؤس میں قائم کی گئی ہے، مرکزی قربان گاہ و دیگر کیمپ جہاں اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ایمبولینسز، ڈاکٹرز و ابتدائی طبی امداد کیلئے عملہ عید کے تینوں روز موجود ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top