ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا عید الاضحیٰ کے موقع پر پیغام

مورخہ: 21 اگست 2018ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملت اسلامیہ بالخصوص اسلامیان پاکستان کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔ انہوں نے کہاکہ عید الاضحیٰ حضرت ابراہیم ؑ کے عظیم جذبہ ایثار کی یاد میں منائی جاتی ہے۔ یہی جذبہ ایثار امت محمدیہ کو ممتاز اور بلند مقام عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قربانی محض جانور ذبح کرنے یا گوشت کی تقسیم کا نام نہیں ہے۔ قربانی کا فلسفہ یہ ہے کہ اہل ایمان اللہ کے راستے میں جان، مال، اولاد، عزت و آبرو، راحت و آرام قربان کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا مقصد مسلمانوں میں ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہے، کچھ اعمال ایسے ہوتے ہیں جن سے اللہ کا خاص قرب نصیب ہوتا ہے۔ قربانی بھی ان عظمت والے اعمال میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حدیث مبارکہ ہے قربانی کے جانور کے ہر بال کے عوض ایک نیکی ملتی ہے اورقربانی کی قبولیت میں جو چیز بنیادی اہمیت کی حامل ہے وہ اللہ کی بارگاہ میں حسن نیت اور صدق و اخلاص ہے۔ قربانی کا مقصود تقویٰ اور پرہیز گاری ہے، رضائے الہیٰ کے حصول کی نیت سے کی جانیوالی قربانی کا اللہ کے ہاں بڑا اجر و ثواب ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ عید الاضحیٰ کے موقع پرعزیز و اقارب اور مستحقین کا خاص خیال رکھا جائے، یہی عمل اسلامی عبادات کی اصل روح اور اللہ کی خوشنودی کے حصول کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ عید الاضحیٰ کے مقدس ایام اور مبارک لمحات پر دلی دعا ہے کہ اللہ ملت اسلامیہ کو اتحاد اور محبت کی لڑی میں پروئے، پوری دنیا کے مسلمانوں کو انفرادی اور اجتماعی تکالیف سے نجات دے، بالخصوص پاکستان اور اسکے عوام کی حفاظت فرمائے، انفرادی اور اجتماعی سطح پر تکالیف اور دکھوں کا مداوا کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top