منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 15 سو سے زائد جانوروں کی قربانی، ہزاروں مستحقین میں گوشت کی تقسیم
منہاج ویلفیئر نے امسال بھی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق قلیل وقت میں قربانی کا گوشت مستحقین تک پہنچایا
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی سیدامجد علی شاہ، جواد حامد، خرم شہزاد و دیگر رہنماؤں کو مبارکباد
لاہور (24 اگست 2018ء) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام منہاج ویلفیئر کی طرف سے عیدالاضحی کے ایام میں 1500 سے زائد جانور قربان اور ہزاروں مستحقین میں گوشت تقسیم کیا گیا، اس حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن وعوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ ہم اللہ رب العزت کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں عیدالاضحی کے موقع پر مستحقین کی خوشیوں میں شریک ہونے کے کارخیر کی توفیق بخشی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے امسال بھی حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق قربانی کے جانور ذبح کیے اور الائشوں کو ٹھکانے لگایا اور ہر طرح سے صفائی کا خیال رکھا، سب سے بڑھ کر یہ کہ انتہائی قلیل وقت میں گوشت کے بیگ مستحقین تک پہنچائے، انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں منہاج ویلفیئر کی طرف سے 100 شہروں میں 6 ہزار سے زائد جانور اللہ کی راہ میں قربان کیے گئے، خرم نواز گنڈاپور نے عیدالاضحی کے ایام میں احسن انداز سے ذمہ داریاں انجام دینے پر منہاج ویلفیئر کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ، ایڈمنسٹریٹر جواد حامد اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک محنت کو سراہا اور انہیں مبارکباد دی، انہوں نے اعلان کیا کہ انسانی و دینی خدمت کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے ولے جملہ عہدیداران و کارکنان کوکارکردگی سرٹیفکیٹس دئیے جائینگے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ایک ایسا انسانی خدمت کا بے مثال ادارہ ہے جو ہمہ وقت مستحقین اور دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہتا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے کہا کہ مستحقین کی مدد اور خدمت میں جو قلبی سکون ہے وہ کسی اور عمل میں نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ایک اہم فریضے کی ادائیگی کے حوالے سے اپنی خاص توفیق بخشی اور منہاج ویلفیئر ہر سال کی طرح اس سال بھی پسماندہ اور کچی آبادیوں کے مکینوں کو سب سے پہلے قربانی کا گوشت فراہم کرنے میں کامیاب رہی۔
منہاج القرآن کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن جواد حامد نے کہا کہ بھوکوں کو کھانا کھلانا اور مستحقین کی مدد کرنا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو بے حد پسند اور ایک مقبول عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا یہ حکم تھا کہ سب سے پہلے قربانی کا گوشت مستحقین تک پہنچائیں اور اس کارخیر میں عہدیداران، کارکنان، جملہ رفیقان رضا کارانہ خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم اس اہم فریضہ کی انجام دہی میں سرخرو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کے عوام کو خوشحالی کی نعمت عطا کرے اور حقیقی معنوں میں یہاں پر کوئی زکوٰۃ لینے والا نہ رہے سب زکوۃ دینے والوں میں سے ہوں۔
تبصرہ