انسانیت کی فلاح کے لیے کئے گئے کام کبھی ضائع نہیں جاتے: ثناء اللہ خان

مورخہ: 25 اگست 2018ء

ان تمام افراد کا سہارا بننا چاہیئے جو زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں:صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور
تحریک منہاج القرآن کئی دہائیوں سے تعلیم و صحت کی فراہمی اور انسانی خدمت میں مصروف عمل ہے
دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے کوششوں میں تیزی لائی جائے:تقریب سے خطاب

لاہور (25 اگست 2018ء) تحریک منہاج القرآن کے رہنما اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے صدر ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ غربت، افلاس، بے روزگاری وپسماندگی دور کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مستحق و نادار افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے، ایسے تمام پروگرامز میں ان کے ساتھ تعاون کیا جائے جن سے نادار افراد کو اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے میں مدد مل سکے، فلاحی کاموں میں مخیر افراد اپنا کردار ادا کرکے دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں۔ انسانیت کی فلاح کے لیے کئے گئے کام کبھی ضائع نہیں جاتے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے30 سال قبل فلاحی و سماجی بہبود کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی تھی، جس کے قیام کا مقصدیہ تھا کہ تمام انسانوں کے اندر جذبہ ہمدردی کو فروغ دیا جائے، باہمی محبت اور بھائی چارے کی فضا قائم ہو، تمام طبقات کو ساتھ لے کر ایک حقیقی اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے عملی جدوجہد کی جائے، اس عظیم مقصد کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بلا امتیاز رنگ و نسل شب و روز پاکستان سمیت دنیا بھر میں خدمت انسانیت کے لیے مصروف عمل ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعلیم، صحت ودیگر فلاحی منصوبوں سے ہزاروں غریب ومستحق افراد مستفید ہو رہے ہیں، دین ہو یا سیاست انسانی خدمت اور کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا جذبہ ہی اس کی اصل روح ہے، انسانی خدمت کے شعبے میں بے مثال خدمات اور شفافیت کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے علمی و فلاحی منصوبہ جات پر کامل یقین ہے۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں قربانی مہم میں خدمات انجام دینے والوں لاہور کے عہدیداران، کارکنان اور رضا کاروں سے گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، رمضان ایوبی، ساجد اصغر، حاجی عبد الخالق، ریحان چوہدری، ناصر سلطان، ڈاکٹر سرور، حافظ صفدر علی ودیگر بھی موجود تھے۔

ثناء اللہ خان نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ہزاروں جانور ذبح کئے گئے، گوشت غرباء و مساکین اور مستحقین میں تقسیم کیا گیا، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مخیرحضرات کی پائی پائی کو انسانی خدمت کے منصوبوں بالخصوص تعلیمی وصحت کے منصوبوں پر خرچ کرتی ہے۔ یتیم بچوں کی تعلیم اور کفالت کے منصوبے، آغوش کا دائرہ بھی اب لاہور سے دیگر شہروں تک پھیلا دیا گیا ہے، لاہور میں درجنوں مقامات پر اجتماعی قربانیوں کے کیمپ لگائے گئے، کھالوں سے اکٹھی ہونے والی رقم فلاحی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ تحریک منہاج القرآن کئی دہائیوں سے تعلیم و صحت کی فراہمی اور انسانی خدمت میں پیش پیش ہے، انہوں نے مزید کہا کہ قومی جذبے کے ساتھ ایک دوسرے کی مدد سے ان تمام افراد کا سہارا بننا چاہیئے جو زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

ثناء اللہ خان نے منہاج القرآن لاہور کے کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تمام کارکنان کے جذبے کو سراہا جنہوں نے عید الاضحی کے تینوں روز دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے دن رات محنت کی، ثناء اللہ خان نے ان تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پر اعتماد کیا، انہوں نے کہا کہ غربت، افلاس اور بے روزگاری صرف اسی صورت ختم ہوگی جب ہم بلا تفریق مستحق ونادار افراد کی مدد کریں گے، انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں جو دکھی انسانیت کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں، کارکنوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ مہنگے علاج اور دوائیوں کے باعث صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، عوام کی بڑی تعداد کو بھوک، افلاس، غربت، جہالت اور بے روزگاری کا سامنا ہے۔ ان مشکل حالات میں ضروری ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے کوششوں میں تیزی لائی جائے اور عملی میدان میں ان کوششوں کا آغاز کیا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top