منہاج القرآن کے زیراہتمام لاہور سمیت 46 شہروں میں خاکوں کے خلاف احتجاج ہو گا
عالم اسلام بیک زبان ہو کر ہالینڈ کی حکومت سے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے رکوانے کا مطالبہ کرے : خرم نواز گنڈاپور
بیمار ذہن عالمی امن سے کھیل رہے ہیں، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ فرحت حسین شاہ، علامہ میر آصف اکبر، حافظ غلام فرید
لاہور (30 اگست 2018ء) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 31 اگست کو لاہور سمیت سنٹرل پنجاب کے 46 شہروں میں توہین آمیز خاکوں کے مقابلوں کے خلاف پر امن احتجاج ہو گا، اس کے علاوہ شمالی پنجاب، جنوبی پنجاب، پشاور، کوئٹہ، کراچی میں بھی پر امن احتجاج ہو گا۔
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عالم اسلام بیک زبان ہو کر ہالینڈ کی حکومت سے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے رکوانے کا باضابطہ مطالبہ کرے اور اس ضمن میں حکومت پاکستان اسلامی ممالک کے سربراہان سے رابطہ کرے اور بلا تاخیر او آئی سی کا اجلاس بلانے کیلئے اپنا سفارتی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کی نمائندگی کرے اور توہین آمیز خاکوں کے مقابلے رکوانے سمیت مستقبل میں ایسی منفی اور بیمار ذہنیت کی عکاس سرگرمیوں کے انسداد کیلئے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے واضح قانون سازی کیلئے جدوجہد کرے۔
مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ مداد اللہ قادری نے کہا کہ کسی کے جذبات کو مشتعل کرنا اور مقدس ہستی سے وابستہ محبت و احترام کے احساسات کی توہین کرنا آزادی اظہار نہیں ہے یہ نظریاتی اور فکری دہشتگردی ہے ایسے توہین آمیز رویوں کا نتیجہ تشدد کی صورت میں نکلتا ہے۔ مقدس ہستیوں کی توہین کے منصوبے بنانے والے ذہنی بیمار، عالمی امن اور انسانیت کے دشمن ہیں۔
منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم علامہ میر آصف اکبر نے کہاکہ آج مسلمان محسوس کر رہے ہیں کہ انہیں آزادی اظہار رائے کے حق کی آڑ میں جان بوجھ کر ہدف بنایا جا رہا ہے، ایسے حالات میں ذات مبارکہ کی اہانت ہوگی تو اسکا ردعمل بھی بہت شدید آئے گا۔
علامہ فرحت حسین شاہ نے کہاکہ اسلام جملہ پیغمبران خدا کی عزت وتکریم کی تعلیمات پر مبنی دین ہے، ہولوکاسٹ پر بات کرنا جرم ہے تو دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے پیغمبر ہماری عقیدت اور محبت کے مرکز حضرت محمد ﷺ کی ذات مقدسہ کے بارے میں دوہرا معیار کیوں ہے؟ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کی سیاسی قیادت کو فکری اور نظریاتی دہشتگردی کے سدباب کیلئے سر جوڑ کر بیٹھنا ہو گا اور اہانت آمیز خاکوں کے مقابلہ کی غیر انسانی حرکتیں بند کروانا ہوں گی۔
31 اگست کو گجرات، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، چنیوٹ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال کے اضلاع اور انکی تحصیلوں میں احتجاجی مظاہرے ہونگے۔ مورخہ 31 اگست سہ پہر 4 بجے منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے باہر پر امن احتجاج ہو گا، احتجاج میں سینکڑوں کارکنان خواتین اور بچے شریک ہونگے۔
تبصرہ