شہدائے 6 ستمبر نے جرأت و بہادر کی قابل فخر تاریخ رقم کی: ڈاکٹر طاہرالقادری

جنگ ستمبر میں قوم اور افواج پاکستان نے ملکر وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کیا
ہمیں اپنے شہیدوں اور غازیوں پر فخر ہے: سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا بیان

لاہور (5 ستمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء ہماری عسکری تاریخ کا اہم ترین دن ہے، اس دن پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے اپنی آزادی اور قومی وقار کا دفاع کیا تھا، جنگ ستمبر میں بہادر پاکستانی شہریوں نے اپنی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا، 1965ء کی جنگ پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی وہ مشترکہ جدوجہد تھی جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے، در حقیقت 6 ستمبر یوم دفاع ہے، ہماری قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اس سے عزت و وقار کے ساتھ زندہ رہنے کی قومی خواہش کی غمازی ہوتی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہماری قوم کے اس عزم کا آئینہ دار ہے کہ قوم دفاع وطن کے مقدس فریضے سے ہرگز غافل نہیں ہے، شہدائے 6 ستمبر نے تاریخ میں جرأت و بہادری کے نئے باب رقم کئے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی کسی بھی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان جتنی قربانیاں دیں اور نہ قیمت ادا کی، پاکستانی قوم اور مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، یوم دفاع اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم ایک زندہ اور مضبوط قوم ہیں، 6 ستمبر پاک فوج کی شجاعت اور حربی تکنیکوں کا مظہر ہے، بین الاقوامی دہشت گردی کے خاتمے میں افواج پاکستان اور پاکستانی قوم کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، وقت آگیا ہے کہ دنیا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کی قربانیوں کو تسلیم کرے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اور غلامی کے درمیان ہماری مضبوط اور محب وطن فوج کھڑی ہے، پاکستان کے استحکام اور آزادی کے تحفظ کے لیے افواج پاکستان کا کردار بے مثال اور قابل فخر ہے، افواج پاکستان کے جوانوں اور افسروں نے1948ء، 1965ء اور 1971ء میں دفاعِ وطن کے لیے بے مثال قربانیاں دینے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی جنگ بھی جرأت مندی سے لڑی، پاک فوج نے وطن عزیز کو اسلام اور انسانیت کے دشمنوں سے پاک کرنے کے لیے بے مثال قربانیاں دیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان سے پیار اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ 6 ستمبر کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید بھی کرنا ہوگی کہ ہم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملک کے تحفظ، سالمیت اور دفاع کے لیے اس جذبے اور عزم کو ہمیشہ قائم رکھیں گے جس کا مظاہرہ پوری قوم نے 6 ستمبر 1965ء کے روز کیا تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top